امریکا میں میڈی کیئر فراڈ کرنے والے بھارتی شہری کو 2 سال قید کی سزا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے ذریعے میڈی کیئر ڈیپارٹمنٹ سے لاکھوں ڈالر کا فراڈ تسلیم کرنے والے بھارتی شہری کو دو سال قید اور 11 لاکھ 74 ہزار 813 ڈالر کی رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
35 سالہ بھارتی ملزم کو اپریل 2025ء میں شیکاگو اوہیر ایئرپورٹ سے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بھارت جانے کی کوشش کر رہا تھا، سزا مکمل کرنے پر بھارتی شہری کو ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق عدالت میں جمع کروائے گئے اعترافِ جرم میں ملزم نے امریکن لیب ورکس ایل ایل سی نامی لیبارٹری کے ذریعے اُن ٹیسٹ کا بِل بھی وصول کیا جو نہ تو ڈاکٹرز نے تجویز کیے تھے اور نہ ہی مریضوں سے اِن کے سیمپل لیے گئے تھے۔
ایل ایل سی نامی لیبارٹری 2021ء میں قائم ہوئی تھی اور 2025ء میں اِسے بند کر دیا گیا تھا، ریاستی ریکارڈ میں بھارتی شہری ہی اس لیبارٹری کا مالک اور ڈائریکٹر درج تھا۔
دستاویزات کے مطابق لیب نے میڈی کیئر کو 87 لاکھ ڈالر سے زیادہ کے بِل بھیجے اور 11 لاکھ ڈالر سے زائد کی ادائیگیاں وصول کیں۔
اسی عرصے میں میڈی کیئر کو 2 سو سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جن میں مریضوں نے بتایا کہ اِن سے اُن ٹیسٹس کے بل بھی وصول کیے گئے جو اُنہوں نے کبھی کروائے ہی نہیں۔
بعض شکایات میں ایسے ٹیسٹ دکھائے گئے جو مریض کی وفات کے بعد کی تاریخوں میں درج تھے جبکہ کئی ڈاکٹرز نے انکشاف کیا کہ اُنہوں نے کبھی ایسے مریضوں کو اس لیب کے لیے ریفر کیا ہی نہیں تھا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ بھارتی شہری نے کمپنی کے بینک اکاؤنٹس پر مکمل اختیار رکھا ہوا تھا اور اِن سے بھاری رقوم بھی نکلوائیں، صرف مئی 2024ء میں اس نے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر نکالے اور کچھ ہی عرصے بعد ملک چھوڑ کر بھارت چلا گیا، بھارتی شہری مارچ 2025ء میں دوبارہ واپس امریکا پہنچا اور اپریل میں اِسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بھارتی شہری میڈی کیئر
پڑھیں:
سوشل میڈیا پر خودکش حملے کی دھمکی، افغان شہری پر امریکا میں فرد جرم عائد کردی گئی
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں ایک افغان شہری پر خودکش حملے اور بم بنانے کی دھمکی دینے کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔
30 سالہ محمد داؤد الکزئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز میں مبینہ طور پر امریکیوں کو قتل کرنے اور طالبان سے وفاداری کا دعویٰ کیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق ملزم بائیڈن انتظامیہ کے ’آپریشن ایلیز ویلکم‘ پروگرام کے تحت امریکا آیا تھا۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ فورٹ ورتھ اس کا ممکنہ ہدف ہو سکتا تھا۔
عدالت نے ملزم کو ابتدائی پیشی تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے اور قصوروار ثابت ہونے پر اسے 5 سال تک قید ہو سکتی ہے۔