بنیادی صحت کے مراکز کی نجکاری قبول نہیں، دھرنا جاری رہے گا، رخسانہ انور
اشاعت کی تاریخ: 21st, April 2025 GMT
نیشنل پروگرام ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن پنجاب کی صدر رخسانہ انور نے کہا ہے کہ بنیادی صحت کے مراکز کی نجکاری کرنے کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہےگا، چاہے 15 روز مزید دھرنا دینا پڑے لیکن پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آج انسداد پولیو مہم شروع ہونی تھی، ہم نے اس کا بھی بائیکاٹ کیا ہے، ہمارے مطالبات ایسے نہیں ہیں جو نہ مانے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں لاہور: گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا جاری، وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد گرفتار
انہوں نے کہاکہ ہم گزشتہ 15 روز سے مال روڈ پر احتجاج کررہے ہیں، حکومت نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا، خواتین ورکرز بے یارومدد گار یہاں پر دھرنا دیے بیٹھی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پنجاب میں بنیادی صحت کے مراکز کو پرائیویٹائز نہ کیا جائے، لیکن حکومت بضد ہے کہ نجکاری ہر صورت کرکے بنیادی صحت کے مراکز کو ٹھیکیداروں کو دینا ہے، جس سے صحت کے شعبے کو نقصان ہوگا۔
’ملازمین پر تشدد کیا گیا اور زہریلا پانی پھینکا گیا‘انہوں نے کہاکہ مریم نواز تو کہتی تھیں کہ خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں لیکن کئی روز سے ہیلتھ ورکرز سڑکوں پر احتجاج کررہی ہیں، اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ، ڈپٹی وزیراعلیٰ، چیف جسٹس ہائیکورٹ، وزیر اطلاعات، سیکریٹری ہیلتھ سمیت پنجاب کے تمام بڑے عہدوں پر خواتین بیٹھی ہیں، لیکن کوئی ہمارے مسائل حل کرنے کے لیے تیار نہیں۔
رخسانہ انور نے کہاکہ جس روز ہم نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے کی کوشش کی، اس روز ہم پر مرد پولیس اہلکاروں نے لاٹھیاں چلائیں اور خواتین کی چادریں اتاری گئیں۔
انہوں نے کہاکہ وہاں پر کچھ خواتین اہلکار بھی ضرور تھیں لیکن مرد پولیس اہکار خواتین کو مارتے رہے، مریم نواز اگر سب کی ماں ہے تو ہمارے ساتھ کیوں سوتیلی ماں والا سلوک کیا جارہا ہے۔
’ہم پر تیزاب گردی کی گئی‘’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب رورل ہیلتھ ایسوسی ایشن کے نائب صدر جام فاضل نے کہاکہ جس دن پولیس نے مال روڈ پر ہمارے ورکرز پر کریک ڈاؤن کیا تو اس دن تیزاب پھینکا گیا جس سے ہمارے کچھ ملازمین جھلس گئے۔
انہوں نے کہاکہ جلھسنے والے کچھ افراد کو ہم نے گنگا رام اسپتال منتقل کیا جبکہ کچھ کی موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب کے سرکاری ملازمین کا مطالبات کے حق میں ماڈل ٹاؤن کے باہر احتجاج
انہوں نے کہاکہ حکومت کا اگر یہ رویہ ہے تو ہم بھی پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ہم نجکاری کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں، جبکہ حکومت ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews بنیادی صحت مراکز پولیس تشدد تیزاب گردی حکومت پنجاب دھرنا جاری رخسانہ انور مریم نواز وزیراعلٰی ہاؤس وی نیوز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بنیادی صحت مراکز پولیس تشدد تیزاب گردی حکومت پنجاب مریم نواز وزیراعل ی ہاؤس وی نیوز بنیادی صحت کے مراکز انہوں نے کہاکہ
پڑھیں:
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی، الیکٹریسٹی ڈیوٹی اور پی ٹی وی فیس کا خاتمہ، کیا بلوں پر فرق پڑے گا؟
حکومت نے عوام کو بجلی کے بلوں میں ممکنہ ریلیف دینے کے لیے 3 اہم اقدامات کیے ہیں۔ بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی، الیکٹریسٹی ڈیوٹی کا مکمل خاتمہ اور پی ٹی وی لائسنس فیس کی منسوخی۔ تاہم ماہرین معاشیات کے مطابق ان اقدامات کا براہِ راست اور خاطر خواہ فائدہ صارفین کو فوری طور پر پہنچنا ممکن نہیں۔
کیا واقعی عوام کو ریلیف ملے گا؟وی نیوز نے مختلف معاشی ماہرین سے رابطہ کرکے جاننے کی کوشش کی کہ یہ تبدیلیاں بجلی کے ماہانہ بلوں پر کتنا اثر ڈالیں گی۔ معاشی ماہر شہباز رانا کے مطابق، فی الوقت یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ صارفین کو کتنا ریلیف ملے گا، کیونکہ ابھی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس پر منظوری دینی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکٹریسٹی ڈیوٹی اور پی ٹی وی فیس کو بجلی کے بلوں سے ہٹانا ایک اصولی فیصلہ ضرور ہے، مگر اس سے بلوں میں نمایاں کمی کی توقع نہیں۔ بجلی کا بل ٹیکس وصولی کا ذریعہ نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان ٹیلی ویژن کو اپنے مالی معاملات خود سنبھالنے چاہییں، ہر گھر، مسجد اور قبرستان پر ٹیکس لگا کر اخراجات پورے کرنے کی روش درست نہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی وی فیس ختم کرنے کے بعد حکومت کا بجلی صارفین کو ایک اور ریلیف دینے کا فیصلہ
اونٹ نگلنا، مچھر چھاننا؟معاشی ماہر راجا کامران نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اصل مسائل پر توجہ نہیں دے رہی، بجلی کے ٹیرف کا 90 فیصد حصہ آئی پی پیز (نجی بجلی کمپنیوں) کو چلا جاتا ہے۔ جب تک ان کے ساتھ معاہدوں پر نظرِ ثانی نہیں کی جاتی، تب تک بجلی کی قیمت میں حقیقی کمی ممکن نہیں۔
صنعتی صارفین کے لیے ریلیف ضروری ہےسینیئر صحافی اور معاشی تجزیہ کار مہتاب حیدر کے مطابق، بجلی کے نرخوں میں کمی اس وقت تک فائدہ مند نہیں جب تک اسے پراڈکٹیو سیکٹر یعنی صنعتوں تک منتقل نہ کیا جائے۔ ہمارے پاس بجلی کا وافر ذخیرہ موجود ہے، لیکن ہم صرف ‘کپیسیٹی پیمنٹ’ کی مد میں نجی کمپنیوں کو ادائیگی کرتے رہتے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ بجلی کی پیداواری کھپت بڑھے، خاص طور پر صنعتی شعبے میں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا توانائی ٹیرف پورے خطے میں سب سے زیادہ ہے اور اسے کم کیے بغیر پیداواری لاگت میں کمی ممکن نہیں۔
مزید پڑھیں: بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ
مہتاب حیدر نے نشاندہی کی کہ اگر ایک طرف حکومت ٹیرف کم کر رہی ہے لیکن دوسری طرف میٹر رینٹ یا دیگر چارجز بڑھا رہی ہے تو مجموعی اثر زائل ہوجاتا ہے۔ یہ نان پراڈکٹیو اقدامات ہیں، جن کا نتیجہ محض نمائشی ریلیف ہے، نہ کہ کوئی حقیقی کمی۔
دکھاوے کی رعایت یا دیرپا ریلیف؟حکومتی اعلانات بظاہر عوام دوست ضرور دکھائی دیتے ہیں، تاہم ماہرین کی رائے کے مطابق جب تک توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور مالی معاہدوں پر نظر ثانی نہیں ہوتی، بجلی کے بلوں میں کوئی نمایاں اور پائیدار کمی ممکن نہیں۔ صرف چند فیسیں ختم کرنے سے محدود دائرے میں ریلیف تو آ سکتا ہے، لیکن عوامی دباؤ میں کمی یا مہنگائی سے نجات کی امید ابھی باقی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں