وزیراعظم آزاد کشمیر نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے برنالہ سیکٹر میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بلند حوصلوں کو سراہا۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے برنالہ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور پاک فوج کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بلند حوصلوں کو سراہا۔ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کیا اور دفاع وطن کے لئے ان کے عزم اور جذبہ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا اور آپریشن ''بنیان مرصوص'' کا جوابی وار کر کے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر اس پوری جنگ کے دوران بھارت کے اعصاب پر چھائے رہے، ہماری ائر فورس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بھی پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور ان کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر انہیں تباہ کر دیا جبکہ بھارت نے مسلسل شہری آبادی اور املاک پر حملہ کیا مگر ہمارے بہادر لوگوں نے جرات کے ساتھ بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو چوبیس گھنٹوں کے اندر امدادی رقوم کی ادائیگی کو یقینی بنایا گیا جبکہ اس دوران ادارے مکمل طور پر چوکس رہے اور چوبیس گھنٹے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ پورے آزاد کشمیر کے ایل او سی کا دورہ کر کے نقصانات کا خود جائزہ لوں گا اور ان کا ازالہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے جنید اقبال اور ان کی والدہ شمیم بی بی کے گھر گئے اور لواحقین سے اظہار تعزیت اور شہداء کے بلندی درجات کی دعا کی۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر وقار احمد نور، چوہدری اظہر صادق، نثار انصر ابدالی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعدازاں چوہدری انوارالحق اپر بانیاں برنالہ میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے سید ہارون اور سید ارتضیٰ کی رہائش گاہ گئے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے لواحقین کو امدادی چیک بھی دیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بھارت کو کیا اور اور ان
پڑھیں:
جشن آزادی کے بعد کشمیر کی آزادی کا جشن بھی جلد منائیں گے، ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان
سندھ حکومت کی جانب سے سکھر میں جشن آزادی کی مناسبت سے میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف گلوکار و قوال استاد راحت فتح علی خان نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سکھر کے جناح میونسپل اسٹیڈیم میں سندھ حکومت کی جانب سے معرکہ حق جشنِ آزادی کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں مشہور گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
اس موقع پر سکھر کے مئیر اور ترجمانِ سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جشن صرف آزادی کا نہیں، بلکہ پاکستان کی شان، قربانیوں اور عظمت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سفارتی محاذ پر کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
اپنے خطاب میں بیرسٹر ارسلان نے پاک بھارت حالیہ جنگ میں پاکستانی افواج کی جرات اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 1965 کی جنگ کا بدلہ چکا دیا گیا ہے اور پاکستان نے دشمن کو تاریخی شکست دی ہے۔ انہوں نے اس فتح کا سہرا موجودہ سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت کو دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد اسی اسٹیڈیم میں کشمیر کی آزادی کا جشن بھی منایا جائے گا، تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
آخر میں، انہوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں کے ساتھ اپنے خطاب کا اختتام کیا۔