ملک بھر میں مون سون سپیل، لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
ملک بھر میں مون سون کا ہیوی سپیل جاری ہے، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ بہاولپور اور لیہ میں بادل برس پڑے۔لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک اور مغل پورہ کےعلاقوں میں بارش ہوئی، گڑھی شاھو، لکشمی چوک میں بھی گرج برس ہوئی، فیروز پور روڈ، جوہر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقوں میں بادل جم کر برسے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، ہنگو میں بادل جم کر برسے، ہری پور میں طوفانی بارش کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، متعدد سڑکیں آمدورفت کیلئے بند کردی گئیں، کراچی میں بادلوں کے ڈیرے رہے، رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔قلات میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے ڈوب گئے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، این ڈی ایم اے نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔کوہ سلیمان سے نکلنے والی 7 برساتی ندیوں میں طغیانی، شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں درمیانے درجے کا سیلاب آگیا، علاقے میں پھنسے چرواہوں اور مویشیوں کو نکال لیا گیا۔پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جان سے گئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مری میں دلکش موسم، بادل زمین پر اُتر آئے
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
ملکہ کوہسار مری میں موسم نے دلکشی کی نئی مثال قائم کر دی ہے، جہاں بادل زمین پر اتر آئے ہیں۔ ٹھنڈی ہواؤں، دھند اور کم ہوتی حد نگاہ نے نہ صرف نظاروں کو خوابناک بنا دیا ہے بلکہ سیاحوں کو بھی بڑی تعداد میں مری کی جانب کھینچ لایا ہے۔
گاڑیوں کی طویل قطاریں، مقامی ہوٹلوں میں گہما گہمی، اور سیاحوں کے چہروں پر خوشی کے تاثرات—یہ سب موسم کی خوبصورتی کا عکس ہیں۔
تاہم، محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے احتیاطی سفری ہدایات جاری کی ہیں۔ مری میں اس وقت درجہ حرارت 20 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہے جو موسم کو نہایت خوشگوار بنا رہا ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 10 جولائی تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا ہے۔ دریائے سندھ، کابل، چناب اور جہلم سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان ہے، اور مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی جبکہ لاہور، سیالکوٹ، راولپنڈی جیسے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر یا تفریح کی منصوبہ بندی کرتے وقت محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات کو ضرور مدِنظر رکھیں۔