باجوڑ: آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے 16 افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔خیبرپختونخوا کے علاقہ باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے قریب واقعہ پیش آیا، جہاں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں، متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ 7 افراد لاپتہ ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، راستہ بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔اس کے علاوہ لوئر دیر میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سوری پاؤ میں مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی، جبکہ دو زخمی ہیں، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی تھی، ملبے تلے 7 افراد دب گئے تھے، 2 زخمیوں کو تیمرگرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دریا پنجکوڑہ سمیت ندی نالوں میں طغیانی سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، سیلابی ریلے کے باعث اوڈیگرام رابطہ پل شدید متاثر ہوا، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، سیلابی پانی میں پھنسے 25 سیاحوں کو رات گئے ریسکیو کیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: افراد جاں بحق کلاؤڈ برسٹ
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔