کوئٹہ؛ ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ، 10 شہری شہید، خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 1st, October 2025 GMT
30 سے زائد زخمی، 2 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 خواتین شامل ،حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، ماڈل ٹاؤن خوجک روڈ پر دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا
خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دیا،سکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی ، حملہ آوروں کی کوشش ناکام ،دھماکے کے فوراً بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، سکیورٹی ذرائع
ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے میں 10 شہری شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے جب کہ خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خوجک روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکا ہوا جس کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔حملے میں 10 شہری شہید ہو گئے جب کہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 خواتین بھی شامل ہیں۔سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ دھماکے کے فوراً بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی سو فٹ دور تک عمارتوں کے شیشے اور کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ بلوچستان میں جاری دہشت گردی کی ایک کڑی ہے، جس میں حملہ آوروں نے ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے سازش ناکام بنا دی۔صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے سول اسپتال کوئٹہ سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 10 افراد شہید ہو گئے جن میں 4 خواتین شامل ہیں جب کہ 30 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جن میں 2 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ میں فتنۃ الہندوستان کے 6 حملہ آوروں کو جہنم واصل کرنے پر ایف سی کے جوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایف سی کے جوانوں نے جرأت کے ساتھ فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے ایف سی جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں پر ناز ہے۔ وزیرداخلہ نے زخمی ہونے والے 2 جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کی تعریف کی اور کہا کہ واقعے کے فوراً بعد دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا گیا۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ شہدا کے لیے فوری مالی امداد اور زخمیوں کے علاج کا پورا خرچہ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔واقعے کے بعد کوئٹہ شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ ایف سی اور پولیس نے علاقے کی ناکا بندی کر دی ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ طور پر یہ حملہ مقامی دہشت گرد گروہوں سے منسلک ہے۔ترجمان ایف سی نے ابتدائی بیان میں تصدیق کی ہے کہ ہیڈکوارٹر کی دیواریں اور مرکزی گیٹ شدید متاثر ہوئے ہیں، تاہم اندرونی تنصیبات محفوظ ہیں۔ یہ حملہ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کی لہر کا حصہ ہے، جہاں پولیس ٹریننگ سینٹرز، سیاسی جلسوں اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔