راولپنڈی؛ بھتیجے کے قاتلوں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق، انسپکٹر اور اہلکار زخمی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, October 2025 GMT
راولپنڈی:
پیرو دہائی میں بھتیجے کو قتل کرنے والے ملزم اور ساتھی نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، قاتلوں کی نشاندہی کے لیے پولیس کے ساتھ آئے دو افراد جاں بحق جبکہ انسپکٹر اور کانسٹیبل شدید زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ کی اطلاع پر قریبی تھانوں سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پہنچ گئی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے جائے وقوع کو سیل کردیا گیا جب کہ زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق پولیس پارٹی جائے وقوع کی نشاندہی اور ملاحظے کے لیے مدعیوں کے ہمراہ موقع پر گئی تھی، ملزمان گھر کی چھت پر چھپے ہوئے تھے جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے سبب انسپکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ شدید زخمی ہوگئے جب کہ ملزمان کی نشاندہی کے لئے جانے والے واحد اور سرور جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے، فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرلیے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ آئی جی نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ملزمان کی
پڑھیں:
راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا ون ڈے سیریز کے دوران 5,500 اہلکار تعینات
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوران راولپنڈی پولیس نے بہترین سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کی قیادت میں پولیس کے 5500 سے زائد افسران و اہلکاروں نے میچ کی سیکیورٹی کے فرائض بخوبی انجام دیے۔ راولپنڈی پولیس کے موثر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی بدولت میچ کے دوران شائقین کرکٹ کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹیگیشن، چیف ٹریفک آفیسر اور دیگر افسران نے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی۔ پولیس کے 350 سے زائد ٹریفک افسران نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا اور شہر میں ٹریفک جام نہیں ہونے دیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایات دیں تھی کہ کرکٹ شائقین اور ٹیموں کے لیے ایک محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی پولیس کرکٹ ٹرائی سیریز کے لیے بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سی پی او نے پاک فوج، رینجرز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنایا گیا۔