کراچی میں ’’را‘‘ نیٹ ورک کیخلاف بڑی کارروائی، حساس معلومات لیک کرنے والے ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
کراچی:
بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی میں حساس معلومات لیک کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے 9 اکتوبر 2025ء کو ایک بڑی کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘کے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا۔ کارروائی انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر دیگر خفیہ اداروں کے اشتراک سے کی گئی، جس میں 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان پاکستان کی حساس تنصیبات سے متعلق معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر رہے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، کمپیوٹرز اور مالی لین دین کے شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ فرانزک جانچ میں بھی مزید اہم ثبوت سامنے آئے ہیں، جن سے بھارتی نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور ان کے غیر ملکی روابط کا سراغ لگانے میں مدد ملی ہے، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف پیکا ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی آن لائن کوشش کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نیٹ ورک
پڑھیں:
جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش پر خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار
کراچی:ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق راولپنڈی ایف آئی امیگریشن کے عملے نے خاتون سمیت 3 مسافروں کو آف لوڈ کیا جن میں سلمان خان، بادشاہ خان اور ارمغان بلخی نامی خاتون شامل ہیں۔
ملزم سلمان خان اور بادشاہ خان کا تعلق سوات اور دیر سے ہے، سلمان خان نامی مسافر فلائٹ نمبر PF 718 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہا تھا، ملزم کے پاسپورٹ پر سربیا کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔
ملزم بادشاہ خان PK187 کے ذریعے وزٹ ویزے پر بحرین جا رہا تھا، ملزم کے موبائل فون سے اٹلی کا جعلی ریزیڈنٹ کارڈ برآمد کر لیا گیا، ملزم سال 2023 میں بھی پاکستان سے آذربائیجان اور بعد ازاں لیبیا گیا تھا، ملزم لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جاتے ہوئے گرفتار ہوا تھا اور رواں سال ہی پاکستان ڈیپورٹ ہوا تھا۔
خاتون ملزمہ آرمغان بلخی پرواز PK749 کے ذریعے فرانس جا رہی تھی، ملزمہ کا تعلق افغانستان سے ہے، ملزمہ کی جانب سے پیش کیا جانے والا سوئس ریزیڈینس کارڈ جعلی نکلا۔
ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے تینوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا۔
ایف آئی اے امیگریشن ونگ نے کوئٹہ ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے آذربائیجان جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کلیم کمال نے ٹمپرڈ پاسپورٹ پیش کیا جس کے ویزے کے صفحات میں ردوبدل کیا گیا تھا، دوران تلاشی ملزم کے قبضے سے پولینڈ کا جعلی ویزا اسٹیکر بھی برآمد ہوا، ملزم کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن کوئٹہ نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ کے حوالے کر دیا۔