ورلڈکپ سے قبل فٹبال کا ایک اور سنسنی خیز ٹاکرا؛ فیفا عرب کپ قطر 2025 کا شیڈول جاری
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
فٹبال کے دیوانوں کے لیے کوئی ایک بھی میچ تہلکہ خیز یادوں سے بھرا ہوتا ہے اور جب بات کسی سنسنی خیز ٹورنامنٹ کی ہو تو مداحوں میں ہلچل سی مچ جاتی ہے۔
ایسا ہی ایک فٹبال ٹورنامنٹ، فیفا ورلڈ کپ سے قبل دھوم مچانے آرہا ہے۔ دنیا بھر میں مقبولیت رکھنے والا یہ ٹورنامنٹ فیفا عرب کپ ہے۔
جس کا گیارہواں ایڈیشن قطر کی میزبانی میں یکم دسمبر سے دوحہ میں شروع ہوگا اور پہلا کانٹے دار مقابلہ گروپ اے کی ٹیم تیونس اور شام کے درمیان ہوگا۔
اس کے بعد اگلے میچ میں فلسطین کا ٹاکرا میزبان ملک قطر سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 دسمبر کو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں 88 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔
اس ٹورنامنٹ کے لیے قطر کے 6 اسٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیڈیمز کا انتخاب کیا گیا ہے جو فیفا ورلڈ کپ 2022 میں بھی استعمال ہوئے تھے۔
فیفا عرب کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں قطر، تیونس، شام اور فلسطین شامل ہیں۔
گروپ بی میں مراکش، سعودی عرب، عمان اور کوموروس کی ٹیمیں ہیں اور گروپ سی میں مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور کویت شامل ہیں۔
اسی طرح گروپ ڈی میں الجزائر، عراق، بحرین اور سوڈان ہیں۔ ٹورنامنٹ میں کُل 32 میچ کھیلے جائیں گے جن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ٹورنامنٹ کا فارمیٹ گروپ اسٹیج، کوارٹر فائنلز، سیمی فائنلز اور فائنل پر مشتمل ہے۔ ہر گروپ سے دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ناک آؤٹ مرحلے میں میچ برابر رہنے کی صورت میں تیس منٹ کا اضافی وقت دیا جائے، میچ دوبارہ برابر رہا تو پھر فیصلہ پینلٹیز پر ہو گا۔
گروپ اسٹیج یکم دسمبر سے 9 دسمبر تک جاری رہے گا۔ 10 دسمبر آرام کا دن ہوگا جب کہ کوارٹر فائنلز 11 اور 12 دسمبر کو ہوں گے۔
13 اور 14 دسمبر آرام کے دن مقرر کیے گئے ہیں جب کہ سیمی فائنلز 15 دسمبر کو شیڈول ہیں۔ جس کے بعد دو دن کا آرام ہے۔ سولہ اور سترہ دسمبر کو آرام کے دن ہوں گے۔
اس کے اگلے روز 18 دسمبر کو تیسری پوزیشن کا کھیلا جائے گا اور اسی روز فائنل بھی ہوگا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
عالمی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ: پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
کراچی (نیوزڈیسک)عالمی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 میں میزبان پاکستان نے مسلسل اپنا چوتھا گروپ میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ گروپ بی میں فائنل فور کی ٹیموں کا فیصلہ امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے بعد ہوگا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم پر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 224 رنز بنائے۔ کپتان سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئےاور 56 گیندوں پر99 رنزپر وکٹ گنوا کر سینچری سے محروم رہے۔نائب کپتان سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے 53 رنز کی اننگ کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 وکٹوں پر 100 رنز تک محدود رہی۔ ذوالفقار بابر اور محمد علی نے 2، 2 وکٹیں باہم تقسیم کیں۔گروپ اے کے دیگر میچز میں متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو 7 وکٹوں اور جنوبی افریقا نے ہانگ کانگ کو 25 رنز سے شکست دی۔گروپ بی میں آسٹریلیا نے امریکا کو شکست کا ذائقہ چکھاتے ہوئے6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ریسٹ آف دی گلف نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو 3 وکٹوں سے قابو کیا جبکہ سری لنکا نے زمبابوے کو10وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعرات کو ایونٹ کا پانچواں اور آخری راؤنڈ کھیلا جائے گا۔ گروپ اے میں جنوبی افریقا کا یو اے ای، ہانگ کانگ کا ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا کینیڈا سے مقابلہ ہوگا۔گروپ بی میں آسٹریلیا کا زمبابوے، امریکا کا ریسٹ آف دی ورلڈ اور سری لنکا کا ریسٹ آف دی گلف سے مقابلہ طے ہے۔