پشین میں ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ، 3 مزدور جاں بحق اور 22 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 12th, October 2025 GMT
بلوچستان کے پشین ضلع میں توبہ اچکزئی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تین مزدور جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوگئے جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشین کے علاقے توبہ اچکزئی میں تیز رفتاری کے دوران ٹریکٹر کا بریک فیل ہوا جس کے بعد وہ ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگیا اور گہرائی میں جاگرا۔
اس ٹریکٹر پر متعدد افراد سوار تھے جو مزدور کے کام سے منسلک ہیں۔
لیویز فورس اور مقامی ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو پشین ہسپتال منتقل کیا، زخمیوں میں سے چھ موت و زندگی کی کشمکش میں ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق 25 مزدور ٹریکٹر پر سوار ہو کر کام کی جگہ کی طرف سے آرہے تھے، ڈرائیور نے بریک فیل ہونے کے بعد گاڑی روکنے کی کئی کوششیں کیں مگر ناکام رہا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، دو الگ پولیس مقابلے، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد
کراچی:کراچی میں پولیس اور ملزمان کے درمیان دو مختلف مقامات پر مبینہ مقابلوں کے نتیجے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پہلا مقابلہ ملیر کھوکھرا پار ڈگری کالج کے قریب پیش آیا جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا جس کی شناخت 40 سالہ عبدالعزیز کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، مسروقہ موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔
دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ کورنگی کوسٹار چورنگی کے قریب زمان ٹاؤن کے علاقے میں ہوا، جس میں ایک اور ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کی شناخت سید عمران کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔