سعودی عرب : المناک کار حادثہ، تین پاکستانی جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
ریاض: سعودی عرب میں پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے میں تین پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے۔واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جب ایک گاڑی کے خوفناک حادثے میں سوار تمام پاکستانی شدید زخمی ہوئے اور اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں مشتاق احمد، امداد اللہ اور بخت منیر خان شامل ہیں، جو خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا کے علاقے کاکڑ کے رہائشی تھے۔ تینوں ایک ہی گاؤں سے تعلق رکھتے تھے جبکہ ان میں سے دو آپس میں کزن تھے۔مرحومین کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں، جہاں گاؤں کاکڑ میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور پھر انہیں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ تدفین کے موقع پر کہرام برپا ہوگیا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ کے قریب ایک بھارتی زائرین کی بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی تھی.
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
قدسیہ علی: پاکستانی مرد اداکاراؤں سے شادی میں دلچسپی نہیں رکھتے
اداکارہ قدسیہ علی نے ایک حالیہ انٹرویو میں شوبز انڈسٹری اور معاشرتی رویوں پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ خودمختار خواتین، خاص طور پر اداکاراؤں، آج بھی معاشرت میں تنقید کا سامنا کرتی ہیں اور اکثر انہیں ایک مخصوص نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ قدسیہ علی نے افسوس کا اظہار کیا کہ 2025 میں بھی معاشرتی روایات میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔
اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے کسی شخص سے ملاقات کی اور دوستانہ تعلق قائم ہوا، مگر اس نے واضح کر دیا کہ سنجیدہ رشتے کے لیے قدسیہ کو اپنا پیشہ چھوڑنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ خواتین اداکاراؤں کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہیں، لیکن اپنی زندگی کا حصہ بنانے پر اکثر آمادہ نہیں ہوتے۔
قدسیہ علی نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈرامہ “اولاد” سے کیا، جس میں انہوں نے خصوصی ضروریات رکھنے والی بچی کا کردار انتہائی مہارت سے نبھایا۔ اس کے بعد وہ “کچھ ان کہی” اور “ایک جھوٹی کہانی” جیسے معروف ڈراموں میں بھی اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔