مصر: وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات، خوشگوار جملوں کا تبادلہ
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف نے مصر شرم الشیخ میں امریکی صدر ٹرمپ، فلسطینی صدر محمود عباس، بحرین کے فرمانروا اور قطر کے امیر سے ملاقاتیں کیں اور غزہ امن معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری غزہ امن سربراہی اجلاس کے موقع پر کئی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا، دونوں کے درمیان خوش گوار جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔
وزیراعظم کی فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے فلسطین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ صدر محمود عباس نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور انسانی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کے عوام کی ہمت، صبر اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا رہے گا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
اسی موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آرمینیا اور آذربائیجان کے صدور سے بھی غیر رسمی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی امور، بالخصوص غزہ امن معاہدے کے تناظر میں امن و استحکام کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بعدازاں، وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر کی قیادت، سفارت کاری اور غزہ بحران کے منصفانہ حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ شرم الشیخ میں طے پانے والا غزہ امن معاہدہ لاکھوں فلسطینیوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔
وزیراعظم نے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق القدس شریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا اور فلسطینی عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ یہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر کی چوتھی ملاقات تھی، اس سے قبل دو ملاقاتیں دوحہ میں اور ایک ملاقات اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی تھی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف شہباز شریف نے کے درمیان قطر کے
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کا خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام
فائل فوٹووزیراعظم شہباز شریف نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان واضح الفاظ میں خواتین کی عزت و تکریم کی ضمانت دیتا ہے اور برابری کے حقوق فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام دنیا کے ساتھ اس اہم مقصد کو اُجاگر کرنے کے لیے اپنی آواز بلند کر رہا ہے، اس سال یہ دن خواتین کیخلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہونے کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، یہ دن ہمیں سوچنے اور اس عہد کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم متحد ہو کر خواتین پر تشدد کے خلاف جدوجہد کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد اور ہراساں کیے جانے کے واقعات کے مکمل انسداد کے لیے کثیرالجہتی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، جس میں ایسے واقعات کے سدباب کے اقدامات، متاثرہ خواتین سے ہمدردی اور معاشرے کے استحصالی نظام کی اصلاح شامل ہونی چاہیے۔
کراچی خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے...
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد انسانیت اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ معاشرے کے امن و سکون اور ترقی و خوشحالی میں بڑی رکاوٹ ہے، ہمارے معاشرے میں خواتین کو کئی مواقع پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور حکومت پاکستان عالمی سطح پر خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی معاہدے کو تسلیم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پالیسی، قانون سازی، انتظامی، ادارہ جاتی اور دیگر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جس میں وزیراعظم کا خواتین کو بااختیار بنانے کا پیکج بھی شامل ہے، حکومت پاکستان تشدد سے متاثرہ خواتین کے لیے ادارہ جاتی امداد کو یقینی بنانے کی بھی بھرپور کوشش کر رہی ہے، اسی تناظر میں آزادانہ کمیشنز قائم کیے گئے ہیں، جس میں قومی انسانی حقوق کمیشن، بچوں کے لیے قومی کمیشن اور خواتین کے لیے قومی کمیشن شامل ہیں۔