وزیراعظم شہباز شریف کی بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 26th, November 2025 GMT
تصویر سوشل میڈیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی۔ مناما میں قصر القضیبیہ پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں بحرین کی قیادت کو سراہا۔
انھوں نے بحرین کو یواین سلامتی کونسل کی 2 سالہ مدت کیلئے غیر مستقل رکنیت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں اقتصادی تعاون پر گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تجارت کو 3 سال میں ایک ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ہدف کا حصول پاکستان جی سی سی فری ٹریڈ ایگریمنٹ ہے جو اپنے حتمی مراحل میں ہے۔
وزیراعظم نے کراچی، گوادر اور خلیفہ بن سلمان پورٹ کے درمیان بندرگاہ سے بندرگاہ تک رابطے بڑھانے کی تجویز دی۔ وزیراعظم نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی کمیونٹی کیلئے بحرین کی حمایت کو تسلیم کیا۔
انھوں نے اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی کی تعمیر پر بحرین حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی میں سہولت پر بحرین کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فریقین نے تربیت، سائبر سیکیورٹی، دفاعی پیداوار اور معلومات کے تبادلے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کی حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ غزہ کے عوام کیلئے امن و استحکام کا قیام انتہائی خوش آئند ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
وزیراعظم کو بحرین کے سب سے اعلیٰ اعزاز سے نواز دیا گیا
اسلام آباد:وزیراعظم نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی، بادشاہ نے انہیں آرڈر آف بحرین (فرسٹ کلاس) سے نواز دیا، یہ بحرین کی جانب سے عالمی سربراہان کو دیا جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے بحرین کے بادشاہ عزت مآب حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی شراکت داری پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر عزت مآب حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ بحرین کی دیرینہ خیر سگالی کو سراہا۔ انہوں نے امن، رواداری اور بقائے باہمی کو فروغ دینے میں بحرین کی قیادت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آرڈر آف بحرین (فرست کلاس) پیش کیا، جو کہ بحرین کی جانب سے عالمی سربراہان کو پیش کیے جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
ملاقات میں بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بتایا کہ بحرین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بحرین کی قانونی نمائندگی کی۔ بحرین کے بادشاہ نے کہا کہ ہمارے ریکارڈ موجود دستاویزات کے مطابق محمد علی جناح بحرین کے وکیل رہے۔