قرض ملنے کی خوشی ایسے منائی جاتی ہے جیسے بیٹا پیدا ہوا ہو، سینیٹر ابڑو
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
اسلام آباد:۔ سینیٹ قائمہ کمیٹی اقتصادی امور نے 2008ءکے بعد سے لیے گئے قرض کی تفصیلات مانگ لیں، چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی اقتصادی امور سیف اللہ ابڑو نے کہاہے کہ قرض ملنے کی خوشی ایسے منائی جاتی ہے جیسے بیٹا پیدا ہوا ہو، ٹی وی چلائیں تو خوشی سے بتایا جاتا ہے 100ملین قرض مل گیا لیکن ایسے قرضوں کا کیا فائدہ جس سے ملک ہی بیٹھ جائے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کااجلاس چیئرمین سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اب تک لیے قرضوں کے حوالے سے معاملہ زیر بحث آیا۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ صبح ٹی وی چلائیں تو خوشی سے بتایا جاتا ہے 100 ملین قرض مل گیا، اور خوشی اس قرض بتانے میں ایسے ہوتی ہے جیسے بیٹا پیدا ہوا ہو۔ یہاں مصیبت یہ ہے کہ قرض اتارنے کے لیے قرض لیا جاتا ہے لیکن ایسے قرضوں کا کیا فائدہ جس سے ملک ہی بیٹھ جائے۔
چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ اقتصادی امور سے ہم نے 1958ءسے قرض تفصیلات مانگی تھیں جس پر وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ 1984ءسے 2025ءتک مختلف پروگرامز کے لیے قرض تفصیلات لائے ہیں۔
اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ 2008ءسے تمام ڈیٹا تفصیلات کے ساتھ موجود ہے، 2008سے 2025ءتک کا تمام ڈیٹا آٹو میشن کے بعد دستیاب ہے، اس سے پہلے کا ڈیٹا مینول تھا فائلیں ڈھونڈنا مشکل ہوگا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آپ ایسا کریں 2008ءسے اب تک کا تمام ڈیٹا فراہم کریں، کیونکہ 2008ءکے بعد نیا پاکستان، پرانا پاکستان کئی پاکستان بنے ہیں۔ بعدازاں، قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں تمام ڈیٹا فراہم کرنے کی سفارش کردی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: قائمہ کمیٹی تمام ڈیٹا
پڑھیں:
گلگت بلتستان کو بھی آئینی وبنیادی حقوق ملنے چاہئیں ، سعد رفیق
سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے اور انہیں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح مکمل آئینی اور بنیادی حقوق ملنے چاہئیں۔(جاری ہے)
جی بی ای-8 سکردو-2 میں انتخابی مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار حاجی اکبر تابان کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آ کر عوام کی محرومیاں ختم کرے گی اور گلگت بلتستان کے حقوق کیلئے پارلیمنٹ میں مؤثر آواز اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور خطے میں بجلی کے نئے منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کے قیام کا جو مقصد تھا، اسے پورا کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان مسلم دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے اور بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست الزام تراشی نہیں بلکہ دلیل، خدمت اور عوامی ترقی کی سیاست ہے۔