سندھ میں ماڑی انرجیز کی بڑی کامیابی، تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
کراچی: معروف کمپنی ماڑی انرجیز لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ کامیابی ماڑی غزیج ایکسپلوریشن ویل سے حاصل ہوئی، جہاں ٹیسٹنگ کے دوران روزانہ تقریباً 305 بیرل خام تیل اور 3 ایم ایم ایس سی ایف ڈی قدرتی گیس حاصل ہوئی۔
توانائی کے شعبے کے ماہرین اس دریافت کو پاکستان کے موجودہ معاشی اور توانائی بحران کے تناظر میں نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔
ماڑی انرجیز کے منیجنگ ڈائریکٹر فہیم حیدر کے مطابق یہ کامیابی کمپنی کے ماہر سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت کا نتیجہ ہے، جنہوں نے ملک میں کم ہوتی گیس کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے مسلسل تحقیق اور عملی اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کا بنیادی ہدف توانائی کی خودکفالت ہے تاکہ ملک کو درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا پڑے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فہیم حیدر نے مزید بتایا کہ ماڑی انرجیز اس وقت ڈھرکی میں واقع ماڑی گیس فیلڈ چلا رہی ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا گیس ذخیرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی اس وقت ملکی سطح پر تقریباً 30 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ سب سے بڑی قدرتی گیس پیدا کرنے والی کمپنی ہے۔
توانائی سے وابستہ شعبوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس دریافت کو بروقت پیداوار میں بدلا گیا تو یہ ملکی معیشت کے لیے ایک نئی امید ثابت ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش جاری ہے اور ماڑی انرجیز کی یہ پیش رفت اس شعبے میں ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: ماڑی انرجیز
پڑھیں:
میٹا کا ٹیکساس میں 1.5 ارب ڈالر کی لاگت سے نیا اے آئی ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کا اعلان
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) میٹا پلیٹ فارمز (Meta Platforms) نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی ریاست ٹیکساس میں 1.5 ارب ڈالر سے زائد کی لاگت سے ایک نیا ڈیٹا سینٹر تعمیر کرے گی جو 2028 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ منصوبہ کمپنی کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے انفراسٹرکچر میں تیزی سے بڑھتی سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔(جاری ہے)
کمپنی کے مطابق ایل پاسو میں قائم کیا جانے والا یہ ڈیٹا سینٹر صرف قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر چلایا جائے گا اور اس میں جدید واٹر ری سائیکلنگ سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی اثرات میں کمی لائی جا سکے،یہ عمارت میٹا کی بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد اپنی اے آئی سے چلنے والی مصنوعات جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور میٹاورس منصوبوں کے لیے پروسیسنگ پاور میں اضافہ کرنا ہے۔میٹا گزشتہ چند برسوں سے امریکہ بھر میں نئے ڈیٹا سینٹرز تعمیر کر رہی ہے تاکہ اے آئی ماڈلز کی تربیت اور ڈیجیٹل تجربات کی بڑھتی توانائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔