سندھ طاس معاہدہ: بھارت کو حق نہیں دوسروں کے آبی تحفظ کو یرغمال بنائے: مشیر وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بین الریاستی آبی معاہدے مقدس ہیں، پانی صرف دریاؤں یا نہروں سے متعلق ہی نہیں ہے بلکہ یہ عوام کی عزت اور زندگی سے متعلق بھی ہے، کسی بھی قوم کو یہ اخلاقی یا قانونی حق حاصل نہیں ہے کہ وہ دوسروں کے آبی تحفظ کو یرغمال بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے زیر اہتمام روم واٹر ڈائیلاگ کے دوران سندھ طاس معاہدہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔ جمعہ کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق عالمی آبی فورم میں سندھ طاس معاہدے اور بھارت کے مذموم عزائم کے معاملہ کو بے نقاب کرنے کیلئے ڈائیلاگ میں سینکڑوں ممالک، ہزاروں ترقیاتی ماہرین اور سول سوسائٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔ ڈاکٹر توقیر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ تاس معاہدہ (آئی ڈبلیو ٹی) کو طویل عرصے سے دو طرفہ تعاون کی ایک بہترین مثال سمجھا جاتا رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے حالیہ تنازعات کے دوران بھی آئی ڈبلیو ٹی ایک بہترین مثالی معاہدہ رہا ہے جو پانی کی تقسیم کے سب سے زیادہ لچکدار معاہدوں میں سے ایک رہا ہے تاہم بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے دیرینہ تنازعات کے خاتمے کے اقدامات اور آبی معاہدہ کی سطح کے اس اہم فریم ورک کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے جو تنازعات کے باوجود باہمی تعاون کی ایک نادر مثال ہے۔ ڈاکٹر توقیر حسین شاہ نے گزشتہ ہفتے اٹلی کے شہر روم میں اقوام متحدہ کے خصوصی ادارہ برائے خوراک و زراعت کے زیر اہتمام منعقدہ روم واٹر ڈائیلاگ میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا طرز عمل انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ بھارتی اقدامات کے بین الاقوامی پانی کی تقسیم اور علاقائی امن پر سنگین مضمرات ہیں۔ انہوں نے تمام شراکت داروں بشمول بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ معاہدے کی سالمیت، سندھ طاس آبی تعاون اور آبی انصاف کی اہمیت کی توثیق کریں۔ سندھ طاس معاہدہ کے حوالے سے بھارت کے طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قوم کو یہ اخلاقی یا قانونی حق حاصل نہیں ہے کہ وہ دوسروں کے آبی تحفظ کو یرغمال بنائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
باجوڑ، وزیراعظم کے مشیر اور رکن قومی اسمبلی کے گھر پر دستی بم حملہ
BAJAUR:وزیر اعظم کے مشیر اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق باجوڑ میں وزیر اعظم کے مشیر اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دستی بم پھٹنے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مشیر وزیراعظم مبارک زیب خان کے باجوڑ میں واقع گھر پر یہ تیسرا حملہ ہے۔