عوام نے ہڑتال کی کال مسترد کردی ، وزیراعلیٰ خیبرپی کے اجلاس میں نہ آنا سیاسی سٹنٹ ہے : عطاتارڑ
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے ٹی ایل پی اور تحریک انصاف کی احتجاج کی کال یکسر مسترد کر دی ہے۔ بے مقصد احتجاج کی کالوں کا یہی نتیجہ نکلتا ہے۔ ملک بھر میں کاروبار زندگی رواں دواں ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے اجلاس میں بیٹھ کر بات چیت کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت خیبر پی کے کے امن و امان سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ کی موجودگی ضروری تھی۔ معرکہ حق کے بعد پاکستانیوں کو دنیا بھر میں بہت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ جمعہ کو یہاں اہم گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں بروقت اور اہم فیصلے کئے گئے جبکہ سابقہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ اجلاس میں تمام متعلقہ ادارے اور چاروں صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک تھے تاہم وزرائے اعلیٰ میں سے صرف خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی موجود نہیں تھے، ان کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی جنہوں نے تفصیلی گفتگو کی اور اپنا موقف پیش کیا مگر جب صوبے کی سکیورٹی، امن و امان اور لوگوں کے تحفظ کی بات ہو تو ضروری ہے کہ وزیراعلیٰ خود موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر بھی بات ہوئی۔ اس موقع پر مزمل اسلم کی طرف سے بتایا گیا کہ پولیس شہداء کے لئے معاوضہ بھی دیا جا رہا ہے اور اس پروگرام کو جاری رکھے ہوئے ہیں مگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا اسلام آباد میں موجود ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت نہ کرنا ایک سیاسی سٹنٹ کے سوا کچھ نہیں جس کا نقصان صرف عوام کو ہوتا ہے۔ امن و مان کے حوالے سے سیاست کھیلنا افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو شاید سوشل میڈیا پر داد اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ تو ضرور حاصل ہو جائے گی مگر جب صوبے کے عوام یا ملک کے لئے حقیقی فیصلے کرنے کا وقت آئے گا تو یہ ہمیشہ پیچھے رہیں گے کیونکہ یہ اجلاس میں بیٹھ کر بات چیت کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں معمولات زندگی معمول کے مطابق رہے، سڑکوں پر رش اور گہما گہمی رہی، بازار اور مارکیٹیں کھلی رہیں جبکہ عوام غزہ اور فلسطین کے معاملہ پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کے مسئلہ پر ہمیشہ بھرپور اور اصولی موقف اپنایا ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر مظلوم فلسطینی عوام کی آواز بلند کی اور اسرائیلی مظالم کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعظم پاکستان کو عالمی فورمز پر جو عزت و وقار حاصل ہوا، خصوصاً صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جو عزت دی گئی، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی درست سمت میں جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، معرکہ حق کے بعد پاکستانیوں کو دنیا بھر میں بہت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اجلاس میں نے کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتا دی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات کے بغیر کسی بھی وفاقی حکومت کے اجلاس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سہیل آفریدی نے وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت گزشتہ روز ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ’’میں نے آج وفاقی حکومت کی زراعت اور افغان مہاجرین کے حوالے سے میٹنگ میں ذاتی طور پر شرکت سے اس لیے معذرت کی ہے کیونکہ خیبرپختونخوا کی عوام نے عمران خان کو ووٹ اور مینڈیٹ دیا ہے اور جب تک میں عمران خان صاحب سے مل کر پالیسی گائیڈ لائنز نہیں لیتا تو کسی ایسی میٹنگ میں شرکت صوبے کی عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہو گی‘‘
لنڈے کے کپڑوں پر 200 روپے فی کلو ٹیکس پر تاجر بلبلا اٹھے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ وفاقی حکومت جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرے گی اور متعلقہ اتھارٹیز کو ڈائریکشن جاری کرے گی تاکہ میری اپنے لیڈر اور خیبرپختونخوا کی عوام کے مینڈیٹ کے امین اور نمائندہ عمران خان سے ریگولر ملاقات کا انتظام کیا جائے ، اس حوالے سے ہماری قانونی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت تمام قانونی فورمز پر بھی جا رہی ہے۔
مزید :