پی آئی اے کا 5 سال بعد برطانیہ فلائٹ آپریشن: اسلام آباد سے مانچسٹر کیلیے آج پہلی پرواز
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
5 سال کے طویل وقفے کے بعد بالآخر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔
آج اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز مسافروں کو لے کر مانچسٹر روانہ ہوگی، جس کے ساتھ ہی قومی ایئر لائن کی بین الاقوامی فضاؤں میں واپسی کا ایک نیا باب کھل گیا ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد اور مانچسٹر ایئرپورٹس پر افتتاحی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں وزیر دفاع خواجہ آصف، یورپی یونین اور برطانیہ کے سفیروں سمیت حکومت اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
تقریب میں قومی ترانہ، کیک کاٹنے اور خصوصی قرعہ اندازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں خوش قسمت مسافروں کے لیے موبائل فونز اور 1300 سی سی گاڑی کا انعام رکھا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق فلائٹ آپریشن کی بحالی کے اعلان کے ساتھ ہی مسافروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے اور صرف ابتدائی 3 ماہ میں ساڑھے 12 ہزار سے زائد مسافروں نے ایڈوانس بکنگ کروا لی ہے، جو قومی ایئر لائن پر عوام کے نئے اعتماد کا مظہر ہے۔
حکام کے مطابق مستقبل قریب میں اس آپریشن کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ لاہور اور کراچی سے بھی برطانیہ کے لیے پروازیں شروع کی جا سکیں۔
ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتے میں 2 پروازیں چلائی جائیں گی۔ یہ پروازیں بوئنگ 777 طیارے سے آپریٹ ہوں گی جو تقریباً ساڑھے 300 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پی آئی اے نے افتتاحی پرواز کے لیے خصوصی مینو اور پر تکلف مہمان نوازی کا اہتمام بھی کیا ہے تاکہ مسافروں کو خوشگوار تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
پی آئی اے کا برطانیہ آپریشن جولائی 2020ء میں یورپی سیفٹی ایجنسی (EASA) کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث معطل ہوا تھا۔ اب یہ بحالی اس بات کی علامت ہے کہ قومی ایئر لائن نے بین الاقوامی معیار کے تقاضے پورے کر لیے ہیں اور دوبارہ عالمی فضاؤں میں اپنا اعتماد بحال کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: اسلام آباد ایئر لائن پی آئی اے گیا ہے کے لیے
پڑھیں:
اڈیالہ جیل کے قریب علیمہ خان کا دھرنا جاری، پولیس نے ممکنہ آپریشن کیلیے تیاریاں مکمل کر لیں
اڈیالہ جیل کے قریب علیمہ خان کا دھرنا جاری ہے جبکہ پولیس نے کارروائی کے ممکنہ آپریشن کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے کے پیشِ نظر فیکٹری ناکے پر اضافی پولیس نفری طلب کرلی گئی ہے اور خواتین اہلکاروں کو بھی دھرنے کے مقام پر پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
دھرنے کے مقام پر اڈیالہ روڈ کی لائٹس بند کر دی گئی ہیں جبکہ کسی بھی ممکنہ آپریشن کے پیش نظر پریزن وینز اور پانی چھڑکنے والی گاڑیاں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ پولیس حکام صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور دھرنے کے شرکا کو منتشر کرنے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔
ادھر علیمہ خان اپنے مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہیں اور دھرنے کے شرکا کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور عمران خان کی بہنوں کو آج ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دیدیا۔