پی آئی اے پرواز کی فنی خرابی کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
اشاعت کی تاریخ: 5th, December 2025 GMT
کراچی سے سکھر جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 536 کو اڑان بھرنے کے صرف 17 منٹ بعد اچانک فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر واپس کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اے ٹی آر طیارے کے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو فوری طور پر فنی خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت طلب کی، جس کے بعد طیارہ بحفاظت کراچی میں اتار دیا گیا۔ طیارے میں سندھ حکومت کے وزراء سمیت متعدد مسافر سوار تھے۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو فنی خرابی سے متعلق آگاہ کردیا گیا۔ طیارے کے معائنے اور مرمت کے بعد ہی آئندہ آپریشن کا فیصلہ کیا جائے گا، تاہم فی الحال پی کے 536 کی پرواز منسوخ کردی گئی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
میانمار میں آن لائن فراڈ سینٹرز کیخلاف فوج کا کریک ڈاؤن، 38 پاکستانی رہا
اسکرین گریپمیانمار میں آن لائن فراڈ سینٹرز کے خلاف مقامی فوج نے کریک ڈاون کرتے ہوئے 38 پاکستانیوں سمیت سینکڑوں غیر ملکی رہا کردیے۔
تھائی آرمی نے میانمار سرحد عبور کرتے ہوئے 38 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا اور بنکاک امیگریشن سینٹر منتقل کیا جہاں سے انہیں مرحلہ وار ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
تھائی حکومت کی جانب سے پاکستان کو تحریر کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ میانمارمیں 60 مزید پاکستانی بھی شیلٹر ہاؤس میں موجود ہیں جو فراڈ سینٹرز سے نکل کر وہاں پہنچے تھے۔
تھائی حکومت نے کہا کہ پاکستانی متعلقہ ادارے ڈی پورٹ افراد سے تفتیش کے بعد ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کریں۔
ڈی پورٹ ہو کر آنے والے پاکستانیوں کے نام پانچ سال کیلئے ای سی ایل میں بھی ڈالے جائیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ، میانمار اور کمبوڈیا آن لائن فراڈ کے مرکز ہیں، فراڈ سینٹرز چلانے والے کال سینٹرز میں نوکریوں کے آن لائن اشتہار دیتے ہیں۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ورک ویزا پر بلا کر قید کر لیا جاتا ہے، پاکستانی ان ممالک میں ورک ویزوں اور ایسی آن لائن ملازمتوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔