فواد چوہدری کی پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت میں 9 جنوری تک توسیع
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
لاہور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت میں 9 جنوری تک توسیع کر دی۔ جمعہ کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سابق وفاقی وزیر فواد چو ہدری کیخلاف مختلف مقدمات پر سماعت کی،فواد چوہدری آج عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر وکلاء کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فواد چودھری بیمار ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں جس پر عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فواد چوہدری کے وکیل سے ضمانتوں پر دلائل طلب کر لیے۔ فواد چوہدری پر مختلف مقامات پر کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے اور پولیس کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے الزامات ہیں، ان کے خلاف جناح ہاؤس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات درج ہیں جبکہ انہوں نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کے مقدمے میں بھی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ مغلپورہ میں پولیس گاڑیوں کو آگ لگانے کے مقدمے میں بھی وہ عبوری ضمانت پر ہیں، تمام مقدمات تھانہ سرور روڈ، تھانہ ریس کورس اور تھانہ مغلپورہ میں درج کیے گئے تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: فواد چوہدری
پڑھیں:
طلال چوہدری کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس، عبوری حکم آگیا
الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت برائے امور داخلہ طلال چوہدری کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں عبوری حکم نامہ جاری کر دیا۔
عبوری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ طلال چوہدری نے بار بار ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جواب دہ کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو منظور کیا گیا۔
جواب دہ کی کمیشن سے غیر حاضری کی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی گئی، ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج ہیں، امیدوار کے نااہل ہونے کی سزا بھی شامل ہے۔
جواب دہ این اے 96 فیصل آباد سے کامیاب امیدوار ہیں، ان کا نوٹیفکیشن مزید احکامات تک جاری نہ کیا جائے۔