کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
— فائل فوٹو
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور خنک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
شہرِ قائد میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے بلوچستان میں بارش برسانے والے مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے داخل ہونے کی پیش گوئی کردی۔
شہر میں چلنے والی ہوا کی رفتار 15 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جس میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقے بدستور سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سرد ہواؤں کے چلنے کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے۔
خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔
بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، بٹو گاہ، داریل، تانگیر، گوہر آباد، نیاٹ ویلی کے پہاڑوں پر بھی برف باری ہونے کا امکان ہے۔
ادھر پنجاب میں دھند کے ڈیرے برقرار ہیں، حافظ آباد، چنیوٹ، وہاڑی میں حدِ نگاہ کم ہونے سے ہر قسم کے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی میں پانی کی سپلائی کب بحال ہوگی؟ شہریوں کے لیے اہم خبر
کراچی میں پانی کی سپلائی کی بحالی کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے، لیکن مرمتی کام مکمل ہونے کے باوجود پانی کی فراہمی ابھی بحال نہیں ہوسکی۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے دو مقامات اور دھابیجی میں پائپ لائن کی مرمت رات ایک بجے مکمل کی گئی تھی، تاہم 12 گھنٹے گزرنے کے باوجود پانی کی سپلائی متاثرہ علاقوں میں بحال نہیں ہو سکی۔
گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، صفورا، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ اور فیڈرل بی ایریا جیسے کئی علاقوں میں پانچویں روز بھی پانی بند ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ نیپا، صفورا اور سخی حسن کے تین ہائیڈرنٹس پر پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے تاکہ شہری عارضی طور پر ٹینکرز کے ذریعے پانی حاصل کر سکیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد پانی کی سپلائی نظام کو آہستہ آہستہ بحال کیا جا رہا ہے اور دوپہر 3 بجے تک متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی شروع ہونے کا امکان ہے۔
شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ اس عارضی صورتحال میں صبر کا مظاہرہ کریں۔