وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ ،عیدالفطر کی مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 29th, March 2025 GMT
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، اور ثقافتی سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم اور امیر قطر کے مابین اہم عالمی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیر اعظم نے غزہ میں امن کے قیام کیلئے امیر قطر کے سرگرم و موثر کردار اور خصوصی کوششوں کی تعریف کی۔عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم کی جانب سے عید کی مبارکباد کو قبول کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔(جاری ہے)
امیر قطر نے وزیرِ اعظم کے دورہ قطر کے دوران منظر آرٹ گیلیری کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر اظہار تشکر کیا جبکہ وزیرِ اعظم نے اس نمائش کے انعقاد اور خصوصی دعوت پر امیر قطر اور عالی مرتبت شیخہ المیاسہ کا شکریہ ادا کیا۔
قطر کے امیر نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے فروغ کیلئے اعلی سطح قطری وفد عید کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کرے گا۔وزیر اعظم نے پاکستان قطر ثقافتی تعاون اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کی تاریخ پر لاہور میں ایک نمائش کے انعقاد کی تجویز دی جس کا قطری امیر نے خیر مقدم کیا۔وزیر اعظم نے قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے قطر کے
پڑھیں:
وزیراعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو عالمی معیار کی کمپنی بنانے کیلئے جامع پلان طلب کرلیا
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان نیشنل شپکنگ کارپوریشن (PNSC) کو بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئے جامع منصوبہ طلب کرلیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیمِ نو، اصلاحات، کارکردگی کے جائزے اور اسے بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے شپنگ شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، انہوں نے ہدایت دی کہ شپنگ شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بحری جہازوں کی تعداد میں اضافے اور پاکستان میں کارگو کی آمدو رفت کیلئے مسابقتی بنیادوں پر پی این ایس سی کے جہازوں کے استعمال کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں، پی این ایس سی کو بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئے شعبے کے ماہرین و کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی اصلاحات سے نہ صرف شپنگ کی مد میں بین الاقوامی کمپنیوں کو ادا کئے جانے والے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ مقامی سی فیئررز کیلئے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل شپنگ کارپوریشن پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، جنید انور چوہدری اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو نیشنل شپنگ کارپوریشن میں بحری جہازوں کی موجودہ تعداد، پاکستان میں سالانہ کارگو کی آمد و رفت اور مستقبل میں پی این ایس سی کی توسیع کے حوالے سے آگاہ کیا گیا. اجلاس کو پی این ایس سی کے آپریشنز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔