عمران خان کی مقبولت کا گراف گرا ہے؟
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 16 مئی 2025ء) پاکستان کے سینئر صحافی سجاد میر کے بقول یہ بات درست ہے کہ عمران خان کی مقبولیت میں کمی ہو گئی ہے۔ ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بڑے اور مقبول لیڈر ہیں لیکن وہ موجودہ بحران سے بڑے نہیں تھے۔
سجاد میر کا کہنا ہے کہ اس بحران میں عوام کی بڑی تعداد اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے جا کھڑی ہوئی ہے۔
عمران خان سمیت بہت سے سیاسی ایشوز اب پس منظر میں چلے گئے ہیں، '' اب اسٹیبلشمنٹ کتنی دیر مقبول رہتی ہے یا عمران خان کا گراف کہاں جا کر رکتا ہے اس کا درست جواب تو آنے والا وقت ہی بتا سکے گا۔ ‘‘ سب کچھ ہی بدل گیاگزشتہ کچھ عرصے سے پاکستانی ووٹرز اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور پرو اسٹیبلشمنٹ میں بٹے ہوئے تھے۔
(جاری ہے)
ووٹرز کی اس تقسیم میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اینٹی اسٹیبلشمنٹ جذبات کو برتری حاصل رہی تھی۔
پاکستان کے ایک نجی ٹی وی سے وابستہ صحافی جاوید فارووقی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ جنگی صورتحال نے بہت کچھ بدل ڈالا ہے اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد اب اسٹیبلشمنٹ کی حامی ہو چکی ہے، ''پاکستان کا سارا سیاسی منظر نامہ اس وقت حالیہ کشیدگی کے زیر اثر ہے، ایک اس صورتحال سے پہلے کا پاکستان تھا اور ایک بعد کا پاکستان ہے، جو بہت مختلف ہے۔
اس کشیدگی نے پاکستان کی سیاست، عام لوگوں کی سوچ اور عمومی سیاسی حقائق سب کچھ بدل دیا ہے۔‘‘پاکستان کے ممتاز دانشور اور کالم نگار قیوم نظامی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ عمران خان کی مقبولیت کا درست اندازہ تو کسی سروے یا بلدیاتی انتخابات میں ہی لگایا جا سکے گا، '' لیکن میں اپنے تجربے کی بنیاد پر یہ کہہ سکتا ہوں کہ عمران خان کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
‘‘سینئر تجزیہ کار ثقلین امام نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران کی مقبولیت کا سوال اب اہم نہیں رہا، '' آپ پی ٹی آئی کا کس جماعت سے موازنہ کریں گے؟ اب قومی منظر نامے پر عمران اور اس کی مقبولیت ایک طرف ہو چکی، ساری سیاست بھی پس منظر میں جا چکی ہے، اب پاکستانی سیاست پر پاکستان اور بھارت کی کشیدگی، حب الوطنی، نیشنل ازم اور بھارت دشمنی ہی غالب آ چکی ہے۔
‘‘ اسٹیبلشمنٹ مضبوط، عمران کو ریلیف ملنے کے امکانات کمایک سوال کے جواب میں جاوید فاروقی کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی حمایت میں بیانات دیے تھے لیکن اس سیاسی پارٹی نے اس طرح سپورٹ نہیں کیا، جیسے دیگر جماعتوں نے کھل کر کیا۔
تاثر ہے کہ پی ٹی آئی کے بیانات میں ایک جھجھک اور فاصلہ سا بھی تھا، جسے عوام کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ نے بھی اچھی طرح محسوس کیا ہے۔
اب حالات یہ ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ اور عوام میں فاصلے کم ہو گئے ہیں لیکن عمران خان اور اسٹیبلسمنٹ میں فاصلے بڑھ گئے ہیں، جس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ مستقبل قریب میں عمران خان کو غیر معمولی ریلیف ملنے کے امکانات کافی کم ہو گئے ہیں۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر ریحانہ ہاشمی نے بتایا، ''یہ درست ہے کہ اس وقت ملکی دفاع کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے، جو کہ بہت اچھی بات ہے لیکن عمران کی مقبولیت کا سوال ایک طرف رکھ کر ہمیں بڑے ٹھنڈے دل سے اس بات پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں ہم نے جو کچھ پنجاب اور سندھ میں دیکھا، ویسا ہمیں کے پی اور بلوچستان میں نظر کیوں نہیں آیا۔
‘‘ کیا عمران خان کی مقبولیت بحال ہو سکے گی؟جاوید فاروقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان آج بھی نوجوانوں کا ہیرو ہیں، ''اگر وہ جیل سے باہر آ گئے تو وہ لوگوں کے ہجوم کو اپنی ارد گرد اکٹھا کرنے کا فن جانتے ہیں۔ وہ اپنی کھوئی ہوئی مقبولیت واپس حاصل کرنے کی موثر کوشش کر سکتے ہیں لیکن اصل بات یہ ہے کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی مفاہمت کے بغیر جیل سے باہر آتے نظر نہیں آ رہے۔
‘‘ عمران خان کی مقبولیت کیوں کم ہو رہی ہے؟قیوم نظامی نے بتایا، ''عمران خان کے جیل جانے پر اس کے لیے عوام کی بڑی تعداد میں ایک ہمدردی کی لہر پیدا تو ہوئی تھی لیکن اب ''طاقتور لوگوں‘‘ کی پارٹی میں مداخلت، پاکستان کی تاریخ کے برعکس کیے جانے والے غیر دانشمندانہ فیصلے (جو اب عمران خان کو الٹے پڑ گئے ہیں) اور طویل عرصے کی جیلیں، احتجاج کی تیاری کے بغیر کالیں اور مقدموں کے نتیجہ خیز نہ ہونے سے خود پی ٹی آئی کے کارکنوں میں بھی مایوسی پھیل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ''اپنی اہلیہ کے زیر اثر عمران خان کے عجیب و غریب فیصلوں نے بھی ان کا تاثر خراب کیا ہے۔‘‘
جاوید فارووقی کہتے ہیں کہ عمران خان کی مقبولیت میں کمی کی وجوہات میں بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے علاوہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات، غلط تنظیمی فیصلے اور پارٹی کو مؤثر قیادت کا میسر نہ ہونا بھی ہے۔
عمران کی حمایت میں نوجوان اب بھی آگےڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے متعدد نوجوانوںنے بالکل مختلف رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مقبولیت کم نہیں ہوئی بلکہ حکمران پارٹیوں کی بری کارکردگی کی وجہ سے ان کے غم و غصے میں اضافہ ہوا ہے۔
کلیم نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ عمران کی اپنی شخصیت کے علاوہ ان کی مقبولیت کی ایک وجہ وہ غلط لوگ بھی ہیں، جو پچھلے چالیس سالوں سے برسراقتدار ہیں اور وہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، '' کیا وہی ڈرامے بازیاں اب نہیں ہو رہیں، کیا اب بھی سارا زور اشتہاروں پر نہیں۔ کیا اب بھی سیاسی حکومت بیساکھیوں پر غیر آئینی طور پر نہیں کھڑی۔ جب تک یہ سب کچھ ہے عمران خان کی مقبولیت برقرار رہے گی۔‘‘
طارق نامی ایک نوجوان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ جو لوگ حالیہ کشیدگی کے دوران عمران خان کی پاکستانی فوج کی حمایت پر سوال اٹھاتے ہیں، ان سے پوچھا جانا چاہیے کہ نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی مذمت کیوں نہیں کی ہے۔
ان کے خیال میں اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد اب بھی عمران خان کے ساتھ ہے۔ فرق یہ پڑا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں جو مایوس نوجوان پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کی محنت مزدوری کی کمائی، جب ان کے گھر آتی ہے تو فارن رمیٹنسز بڑھتی ہیں اور یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران کی مقبولیت کم ہو گئی۔
طارق کے بقول ، ''عمران کی مقبولیت پر سوال اٹھانے والے دراصل وہی لوگ ہیں، جو آٹھ فروری سے پہلے پی ٹی آئی کے الیکشن سے فارغ ہو جانے کی پشین گوئیاں کر رہے تھے۔‘‘
.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے کہ عمران خان کی مقبولیت عمران کی مقبولیت ان کی مقبولیت حالیہ کشیدگی پی ٹی ا ئی کے بڑی تعداد گئے ہیں کے ساتھ اب بھی
پڑھیں:
جنگ امن اور معیشت کی کہانی
پاکستان کو اگر ترقی کے تناظر میں آگے بڑھنا ہے تواسے معاشی ترقی کو بنیاد بنانا ہوگا۔سیاست بھی عام آدمی یا محروم طبقات کے مفادات یا ان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے سے جڑی ہونی چاہیے۔یہ عمل اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اول ہم داخلی ،علاقائی اور خارجی محاذ پر موجود تنازعات سے باہر نہیں نکلیں گے۔
دوئم ہمیں اپنے داخلی نظام میں شفافیت، جوابدہی،احتساب ،درست ترجیحات کا تعین ،وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ادارہ جاتی عمل کو مضبوط کرنے اور ان کو آئین اور قانون کی حکمرانی کے تابع کرنے سے جوڑنا ہوگا۔امن ہماری بنیادی ضرورت ہے اور اہم بات یہ ہے کہ اس نظام میں وہ لوگ جو مختلف سیاسی ،سماجی اور معاشی یا قانونی انصاف کی محرومی کا شکار ہیں ان کونظرانداز کرکے ہم معاشی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکیں گے۔ لوگوںکے ذہن میں موجود سیاسی اور معاشی نظام نے اس کے مسائل کو اور زیادہ گھمبیر بنادیا ہے۔
علاقائی سیاست میں جو نئی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ہمیں اس کے لیے جہاں اپنی علاقائی سطح کی پالیسیوں پر نئی فکر اور سوچ کو اختیار کرنا ہے وہیں اسی کی بنیاد پر اپنی داخلی سیاست کے خدوخال یا دائرہ کار میں بھی بنیادی نوعیت کی تبدیلیوں کی ضرورت ہے ۔بالخصوص جب ہمیں ایک ہی وقت میں بھارت اور افغانستان سے جنگ یا کشیدگی کا سامنا ہے یا ان دونوں ممالک کی بنیاد پر پاکستان مخالف گٹھ جوڑ یا ان کی پاکستان مخالف پراکسی کی موجودگی میں ہم اپنی داخلی اور علاقائی سیاست کو کیسے مضبوط کرسکیں گے ،اہم سوال بنتا ہے ۔
کیونکہ اب جو ہم نئی تبدیلیاں علاقائی یا خلیجی ممالک کی سطح پر دیکھ رہے ہیں اور جس انداز سے یو اے ای سمیت دیگر خلیجی ممالک کی پالیسیوں میں تبدیلیاں پیدا ہورہی ہیں اس میں ہمیں بھی ایک نئے فریم ورک کی ضرورت ہے ۔اسی طرح چین،روس،امریکا کی سطح پر جو حالات بن رہے ہیں ان میں ہمارے تعلقات کی نوعیت یاسیاسی و معاشی روابط کی بنیاد کیا ہوگی ۔بنیادی سوال انسانی ترقی کا ہے ۔لیکن کیا انسانی ترقی کے اس ماڈل میں ہم صرف اسلحہ اور جنگوں پر وسائل خرچ کرکے یا اپنے دفاع کو مضبوط کرکے انسانی ترقی کو نئی جہت دے سکیں گے اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی ریاست کا دفاع اس کی بنیادی ضرورت بنتا ہے اور بالخصوص موجودہ حالات میں دفاع کا مضبوط ہونا اہم ہے ۔لیکن اسی تناظر میں ایک متوازن پالیسی دفاع اور انسانی ترقی کی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے اور یہ ہی تعلق بنیادی طور پر ریاست،حکومت اور شہریوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اس کی ساکھ کو قائم کرنے میں مدد دے گا۔
بدقسمتی سے ہمیں علاقائی تعلقات کی بحالی میں جو تعاون بھارت اور افغانستان سے درکار ہے، اس میں کافی چیلنجز کا سامنا ہے اور ایسے لگتا ہے کہ ان دونوں ممالک کی ترجیحات میںپاکستان سے تعلقات کو بہتر بنانا ایجنڈے کا حصہ نہیں ۔اگرچہ پچھلے دنوں سے کچھ آوازیں ہمیں بھارت کی جانب سے سننے کو ملی ہیں جہاں کچھ بڑے انفرادی لوگوں نے مودی حکومت کو کہا ہے کہ وہ جنگ کے ماحول سے نکل کر پاکستان سے تعلقات کی بہتری میں بات چیت کے راستے کھولیں ۔لیکن کیا نریندر مودی کی حکومت اس معاملے میں کوئی بڑی پیش رفت دکھاتی ہے، اس پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا ۔لیکن ایک بات طے ہے کہ بھارت اور افغانستان سے پاکستان سے تعلقات کی بہتری محض ان ملکوں تک ہی محدود نہیں ہوگی بلکہ مجموعی طور پر علاقائی سیاست میں سیاسی اور معاشی استحکام دیکھنے کو ملے گا۔پا کستان،بھارت اور افغانستان کو تعلقات کی بہتری کے لیے موجودہ کشیدہ حالات کے خاتمہ میں غیر معمولی اقدامات اور اپنے قد سے اوپر اٹھ کر کچھ ایسا کرکے دکھانا ہوگا جو ان ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاسکے ۔لیکن یہ عمل کسی سیاسی تنہائی میں نہیں ہوگا اس میں بڑی طاقتوں جن میں امریکا،چین اور روس کو ایک موثر سطح کا کردار ثالثی کا ادا کرنا ہوگا ۔
کیونکہ پاکستان ،بھارت اور افغانستان کے درمیان جو بھی تعلقات کی بہتری کا فریم ورک بنے گا وہ ان بڑے ممالک کی حمایت اور نگرانی کے ممکن نہیں ہے۔بالخصوص دہشت گردی جو پاکستان، بھارت اور افغانستان کا مشترکہ مسئلہ ہے اس کے لیے عملی طور پر ان ممالک کے درمیان اس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ میکنزئم درکار ہے اور یہ عمل عالمی حمایت کے بغیر ممکن نہیں ۔کیونکہ محض الزام تراشی کی بنیاد پر مسائل کا علاج تلاش نہیں کیا جاسکے گا اور نہ ہی ان مسائل کا حل مزید جنگ یا تنازعات کو آگے بڑھانے سے ممکن ہوسکے گا لیکن کیا ہم اپنی اس حکمت عملی نظرثانی کے لیے تیار ہیں اس کا جواب بھی تلاش کرنا ہوگا۔یہ بات طے ہے کہ پاکستان سمیت کوئی بھی ملک اسٹیٹس کو کی بنیاد پر علاقائی تعلقات کی بہتری میں کوئی بڑی مثبت تبدیلیاں پیدا نہیں کرسکے گا اور نہ ہی معاملات بہتری کی طرف جاسکیں گے۔
لیکن سوال یہ ہی بنتا ہے کہ بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے گا اور کون معاملات کی درستگی کو ممکن بنانے میں پہل کرے گا یا ایسا کیا قدم اٹھائے گا جوعملا دوسروں کو ترغیب دے کہ وہ بھی امن کا راستہ بات چیت کی مدد سے طے کرے ۔مگر یہ جو اعتماد سازی یا بداعتمادی کا بحران ہے اس نے مجموعی طور پر علاقائی سیاست کو ایک بڑے بحران کی طرف دکھیل دیا ہے اور ایسے لگتا ہے کہ ہم اپنی حقیقی منزل سے کافی دور ہیں۔ان دوریوں کو ختم کرنا علاقائی سیاست اور ان میںشامل ممالک کی مشترکہ حکمت عملی کا حصہ ہونا چاہیے۔
جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو ایک طرف اسے علاقائی سیاست کا چیلنج ہے تو دوسری طرف حالات کی بہتری کے لیے اسے اپنے داخلی سطح کے معاملات کو درست کرنے پر بھی توجہ دینی ہوگی کیونکہ یہ ممکن نہیں کہ ہم اپنے داخلی معاملات کو درست کیے بغیر علاقائی سیاست میں بہت کچھ حاصل کرسکیں گے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ موجودہ ایک برس میں ہم نے عالمی اور علاقائی سفارت کاری کی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو خوب منوایا ہے اور اس کی ہر سطح پر پزیرائی بھی کی جارہی ہے۔لیکن اس کے باوجود ہم اپنے داخلی معاملات کی درستگی میں کچھ کمزوریوں کے پہلو ہم کو دیکھنے کو ملتے ہیں۔ہم جہاںعالمی ثالثی میں اپنا کردار ادار کررہے ہیں وہیںہماری داخلی سیاست کی تقسیم کے تناظر میں جو سیاسی کشیدگی اور سیاسی دشمنی یا سیاسی ڈیڈ لاک اسے بھی ختم کرنا ریاست اور حکمرانوں کی ذمے داری کے زمرے میں آتا ہے ۔یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہماری سیاسی تقسیم نے ہمیں مجموعی طور پر نہ صرف تقسیم کردیا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں کشیدگی بھی بڑھ رہی ہے ۔اسی طرح قومی سیکیورٹی یا دہشت گردی سے جڑے مسائل بھی اہم ہیں اور موجودہ دہشت گردی کے داخلی واقعات نے ہمارے لیے سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں ۔
بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں مسلسل دہشت گردی جاری رہنا یا وہاں تسلسل کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات کا ہونا، ہماری داخلی کمزوریوں کی نشاندہی کرتا ہے ۔گورننس سے جڑے معاملا ت کا حل تلاش نہ کرنا بھی ہماری مسلسل ناکامی کی نشاندہی کرتا ہے ۔18ویں ترمیم کے باوجود وفاق اور صوبوں کے درمیان گورننس سے مسائل کا حل تلاش نہ کرنا اور اس کا عام فرد پر براہ راست اثر انداز ہونالوگوں میںنظام کے بارے میں ایک بڑے ردعمل کی سیاست پیدا کررہا ہے۔یہ جو ہمارے ملک میں سرمائے کی کمی یا سرمایہ کاری کے نہ ہونے کا داخلی اور خارجی بحران ہے اس کی چند بڑی وجوہات میں ایک وجہ گورننس یا ادارہ جاتی نظام کی ناکامی سے جڑا ہوا بھی پہلو ہے۔
اگر ہم نے داخلی معاملات کو درست نہ کرنے کی سیاسی روش کو برقرار رکھا اور پرانے خیالات کے ساتھ ہی نظام کو چلانا ہے تو یہ نظام جدید تقاضوں کے مطابق نہیں چل سکے گا۔اہم نقطہ یہ ہے کہ پاکستان کے پالیسی سازوں کی عملا ترجیحات میں ہمیں مسلسل کمزوری کے پہلو دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ان امور کی نشاندہی مسلسل عالمی مالیاتی ادارے اور تھنک ٹینک بھی پیش کررہے ہیں کہ ہم اپنی داخلی درستگی کے لیے وہ کچھ نہیں کررہے جو ہمیں کرنا چاہیے۔سوال یہ ہی ہے کہ کیا ہم اپنی ترجیحات کو تبدیل کرسکیں گے یا ان تبدیلیوں کے تناظر میں ملک کی سطح پر کوئی بڑے دباؤ کی سیاست کو پیدا کیا جاسکے گا۔کیونکہ بدقسمتی سے جہاں حکمرانی کا نظام کمزور ہوا ہے وہیں دباو ڈالنے والی سیاست اور اس سے جڑے فریق بھی کمزور ہوئے ہیں،یہ بڑا المیہ بھی ہے۔