پاکستان میں تعینات چینی سفیر  جیانگ زیڈونگ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ہم آہنگی اور تعاون پر مبنی لائحہ عمل اختیار کرنے اور نئے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں اور باہمی شرکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

ائیر چیف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے مابین تاریخی اور لازوال تعلقات قائم ہیں جو باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام  کی مشترکہ خواہشات کا مظہر ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کو "آئرن  برادرز" کا نام دیا، اور اس امر پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے روابط گزشتہ دہائیوں میں بہت مضبوط ہوئے جبکہ مستقبل میں باہمی تعاون اور شراکت داری کے زریعے مزید تقویت پائیں گے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے بھرپور حمایت اور غیر متزلزل دوستی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کو دفاعی جدت سے ہم کنار کرنے، تکنیکی ترقی، بالخصوص انسانی وسائل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و ترویج کے شعبوں میں چین کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ مدد پر، اظہارِ تشکر کیا۔

دونوں معززین نے ابھرتے ہوئے خطرات کے مقابلے میں مشترکہ جوابی کاروائیوں، وسیع پیمانے پر مشترکہ آپریشنل مشقوں اور کثیرالجہتی فریم ورک کے قیام کے لیئے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

چینی سفیر نے مشرقی محاذ پر حالیہ مڈبھیڑ کے دوران پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی جانب سے پیش کردہ بے مثال آپریشنل مہارت کی تعریف کی اور اس فتح کو پاک فضائیہ کے اعلیٰ معیار اور قومی دفاع کے اسکے غیر متزلزل عزم سے منسوب کیا۔

انہوں نے مثالی پیشہ ورانہ مہارت اور دشمن کی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے، پاک فضائیہ کی جانب سے چینی ساختہ آلات اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی تعریف کی۔

معزز مہمان نے  قومی مفادات کے تحفظ اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے خود انحصاری اور مقامی صلاحیتوں کے استعمال پر پاک فضائیہ کی آپریشنل کارکردگی اور اسکی موجودہ قیادت کی تزویراتی ذہانت کا اعتراف کیا۔

سفیر نے چین کی جانب سے بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاک فضائیہ کو اسکی فضائی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مکمل تکنیکی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے خود انحصاری کے میدان میں پاکستان کی جانب سے کی گئی پیش رفت کی بھی تعریف کی اور اس امر پر زور دیا کہ پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر سرمایہ کاری کے امید افزا نتائج برآمد ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ 

چینی سفیر نے مزید کہا کہ ملکی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ میں مسلسل بہتری پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت بخشے گی۔یہ ملاقات پاکستان اور چین کی جانب سے  باہمی تعاون کے ذریعے اپنی لازوال تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

.

ذریعہ: Express News

پڑھیں:

ائیر چیف مارشل کا اسپیکر قومی اسمبلی کو جوابی خط

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام اظہارتشکر کا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی کردار کی تعریف کی ہے۔

اپنے خط میں ائیر چیف مارشل نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی قائم کرنے کیلئے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کردار قابل ستائش ہے، پارلیمانی قیادت کی جانب سے قومی اتحاد کے مظاہرے پر پاک فضائیہ شکر گزار ہے۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے لکھا کہ قومی اسمبلی کے معزز ارکان کی پاک فضائیہ کے حق میں یکجہتی قابلِ فخر ہے، دشمن کی جارحیت کے مؤثر جواب دینے پر پارلیمانی و قومی قیادت کی جانب سے خراج تحسین ناقابل فراموش ہے، پاک فضائیہ کی کامیابی ربِ کریم کی خاص عنایت اور قومی اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہے۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ قومی اتحاد و یکجہتی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار ہے، پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کو اپنی مقدس ذمہ داری سمجھتی ہے۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قومی اہداف کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ ائیر چیف مارشل کا خط اسپیکر قومی اسمبلی کے خط کے جواب میں لکھا گیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو خطوط ارسال کیے تھے۔

خطوط میں مسلح افواج بلخصوص پاک فضائیہ کی غیر معمولی جرات، بہادری، مہارت، اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے خط میں پارلیمان کی جانب سے مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔

متعلقہ مضامین

  • ای سی او کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات
  • ایئر چیف مارشل کا اسپیکر قومی اسمبلی کو اظہارِ تشکر کا خط، پارلیمانی کردار کی تعریف
  • اسد قیصر کی سعودی سفیر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
  • ایئر چیف مارشل کا سپیکر قومی اسمبلی کے نام اظہارِ تشکر کا خط، پارلیمانی کردار کی تعریف
  • ایئر چیف مارشل کا اسپیکر قومی اسمبلی کے نام اظہارِ تشکر کا خط
  • پاکستان۔امریکہ دفاعی تعلقات: پاک فضائیہ کے سربراہ کا دورہ امریکہ
  • ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا سپیکر ایاز صادق کو جوابی خط 
  • ائیر چیف مارشل کا اسپیکر قومی اسمبلی کو جوابی خط
  • ایئر چیف کا تاریخی دورہ امریکا، عسکری اور سیاسی قیادتوں سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون پر اتفاق
  • پاک فضائیہ کے سربراہ  کا دورہ امریکہ دفاعی تعاون میں سنگ میل ثابت: آئی ایس پی آر