عالمی برادری بھارت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں اضافے کا سنجیدگی سے نوٹس لے، پاکستانی سفیر
اشاعت کی تاریخ: 21st, May 2025 GMT
واشنگٹن:
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا میں ورلڈ افیئرز کونسل کے زیر اہتمام ایک اجلاس سے خطاب میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ انتہاپسند ہندوتوا نظریہ اور آر ایس ایس کے اثر و رسوخ سے چلنے والی تسلط پسند بھارتی حکومت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز اقدامات علاقائی امن و استحکام اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ایک مستحکم اور محفوظ علاقائی ماحول سے جڑی ہے، پاکستان نے بھارتی جارحیت کو موثر طریقے سے پسپا کرکے اپنے غیر متزلزل عزم، طاقت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا، بھارت نے مستقبل میں بھی کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان اپنی سالمیت کا بھرپور دفاع کریگا۔
رضوان سعید شیخ نے بین الاقوامی معاہدوں اور قانونی فریم ورک کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا خاص طور پر بین الاقوامی آبی وسائل کے حوالے سے جو قومی سلامتی اور خطے کے کروڑوں لوگوں کی پائیدار ترقی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔
پاکستانی سفیر نے خطے میں حالیہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع تر اور کثیر الجہتی شراکت داری بشمول انسداد دہشت گردی کے خلاف دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امن کے فروغ اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پائیدار حل سمیت علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امریکہ کی مسلسل مصروفیت کا بھی خیرمقدم کیا۔
قبل ازیں رضوان سعید شیخ نے کیلی فورنیا میں لاس اینجلس ورلڈ افیئر کونسل کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت بورڈ کی چیئر پرسن ماریا کونٹریاس سویٹ اور بورڈ کے سینئر ممبران کررہے تھے۔
ملاقات کے موقع پر لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان بھی موجود تھے۔ دونوں فریقوں نے معاشی ترقی، توانائی کی منتقلی، آبی تحفظ، آبادیاتی رجحانات، خواتین کو بااختیار بنانے اور پاکستان کی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں پیشرفت سمیت عالمی اور علاقائی معاملات پر بات چیت کی۔
وفد نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات کی تعریف کی اور پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس کا مقصد جامع اور پائیدار ترقی اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے وفد کو جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دیرپا امن اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں طویل مدتی امن کے لیے جموں و کشمیر تنازعہ کا منصفانہ، پرامن اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رضوان سعید شیخ نے
پڑھیں:
عالمی برادری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرے، حریت کانفرنس
حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرے اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ استصواب رائے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قبضے سے آزادی کا ان کا مطالبہ منصفانہ، جائز اور ناقابل تنسیخ ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی جبر کے باوجود تحریک آزادی کشمیر جاری ہے کیونکہ یہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے اور اس نے ایک جائز مقصد کے طور پر عالمی سطح پر اپنی ایک پہچان بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی واضح طور پر توثیق کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ منہاس نے فالس فلیگ آپریشنز اور پروپیگنڈے کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑ کر اسے بدنام کرنے کی بھارت کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے ناکام ہو کر رہیں گے۔ حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرے اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ استصواب رائے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔