چارسدہ، پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، اہلکار کو قتل کرنے والے ٹارگٹ کلرز ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
چارسدہ:
خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ سٹی پولیس اور سی ٹی ڈی مردان ریجن نے مشترکہ کارروائی کے دوران غنی خان روڈ پر پولیس اہلکار کو شہید کرنے والے مطلوب ٹارگٹ کلرز کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاری اسماعیل اور حمزہ ساکنان کچے کونر تحصیل درگئی میں اپنے رشتہ داروں کے گھر آئے ہوئے ہیں اور کسی بھی وقت دہشت گردی کی کارروائی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
اطلاع پر پولیس نے فوری طور پر سی ٹی ڈی کے ہمراہ علاقے ڈھب بانڈہ میں ناکہ بندی کی اور اسی دوران دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے بھی اپنی حفاظت کے پیش نظر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ موقع سے دو عدد پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، ابتدائی شناخت کے مطابق دونوں ہلاک شدگان نے 30 اپریل کو غنی خان روڈ پر ڈیوٹی پر جاتے ہوئے پولیس اہلکار فاروق پر حملہ کر کے شہید کیا تھا جب کہ ساتھ موجود ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کا ملازم زخمی ہوا تھا۔
کارروائی کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہلاک شدہ ٹارگٹ کلرز کا مکمل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پولیس نے
پڑھیں:
راولپنڈی؛ بہن کو 4ماہ تک مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے اور حاملہ کرنے والا بھائی گرفتار
راولپنڈی:تھانہ صدر بیرونی کے علاقے گلشن آباد میں بہن کو مسلسل 4 ماہ تک مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے اور حاملہ کرنے پر بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 18 سالہ بھائی چار ماہ تک 15 سالہ ہمشیرہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، بہن کے حاملہ ہونے پر حقیقت سامنے آئی، مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق انسانیت کو شرما دینے والے واقعے سے متعلق پولیس کو بچی کے والد اجمل جام نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ انکا تعلق بہاولپور سے ہے اور گلشن آباد میں کرائے کے مکان میں رہائش ہے، محنت مزدوری کرتا ہوں جبکہ 6 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
والد نے بتایا کہ 15 سالہ بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہوئی تو بڑی بیٹی علاج کے لیے ڈاکٹر کے پاس لے گئی، ڈاکٹر نے چیک اَپ کے بعد بتایا کہ بچی حاملہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میری اہلیہ کو علم ہوا تو اس نے بچی سے پوچھا تو بچی نے ہوشربا انکشاف کیا کہ بیٹا شہزاد چار ماہ سے بہن کے ساتھ زیادتی کرتا رہا ہے، بیٹے کے فعل سے بیٹی حاملہ ہوئی جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 18 سالہ ملزم حجام کی دکان پر کام کرتا ہے جس کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔