چینی کمپنی کا جناح میڈیکل کمپلیکس اسپتال کے کنسیپٹ ڈیزائن کا تحفہ، وزیر اعظم کا اظہار تشکر
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر کے منصوبے پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چینی کمپنی HONGKONG-AOHUA کی جانب سے پیش کردہ اسپتال کے کنسیپٹ ڈیزائن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، یہ ڈیزائن کمپنی نے پاکستان کو ایک تحفے کے طور پر بغیر کسی معاوضے کے تیار کیا ہے۔
ہانگ کانگ-آوہوا کمپنی گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے دنیا بھر میں ایک ہزار سے زائد اسپتالوں کے ڈیزائن بنا چکی ہے اور اس کا پاکستان کے لیے رضاکارانہ طور پر عالمی معیار کا ڈیزائن تیار کرنا پاک چین دوستی اور عوامی روابط کی گہرائی کا عکاس ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس اقدام پر چینی کمپنی کی قیادت اورٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تحفہ نہ صرف حکومت اور پاکستانی عوام کے لیے اہمیت رکھتا ہے، بلکہ اس اسپتال سے مستقبل میں شفایاب ہونے والے مریض بھی اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق ایک ٹرشری کیئر ہسپتال بنایا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسپتال کے پیش کردہ ڈیزائن کا مکمل تکنیکی جائزہ لیا جائے اور منصوبے میں ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیش کردہ کنسیپٹ ڈیزائن میں ممکنہ وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل منصوبہ بندی شامل ہے، جو کہ ایک مثبت اور دور اندیش پہلو ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے میں ماحول کے تحفظ، پانی کی بچت اور وسائل کے مؤثر استعمال کو مدنظر رکھا جائے۔ شمسی توانائی، قدرتی روشنی کے استعمال، پانی کی ری سائکلنگ اور سرسبز ماحول کے قیام پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کو اسلام آباد کے دیگر اسپتالوں سے ڈیجیٹل طور پر منسلک کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر تمام تر مراحل سمیت مقررہ مدت میں مکمل کی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے صحت مختار احمد بھرتھ، وزیرِاعظم کے کوارڈینیٹر مشرف زیدی، چیئرمین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر، چینی کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر لیو-ژانپئی اور وفد سمیت متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جناح میڈیکل کمپلیکس چینی کمپنی کا اظہار
پڑھیں:
امید ہے وقت کے ساتھ سی پیک میں سیکیورٹی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، چینی سفیر
اسلام آباد:پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستانی عوام سی پیک کے تحت تعاون کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے سی پیک کی تعمیر میں کامیابی کا تناسب 90 فیصد ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ امید ہے وقت کے ساتھ سی پیک میں سیکیورٹی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا، پاکستان اور چین انسداد دہشت گردی پر ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں موجود مسائل پر باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے قابو پایا جا سکتا ہے، سی پیک کے ثمرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کافی بہتر ہوچکی ہے، شرح نمو 2.6 فیصد بڑھی ہے، چینی صدر نے بھی کہا کہ سی پیک کے ذریعے ہم نہ صرف چین نہیں بلکہ خطے کی تعمیر کریں گے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کو ہم اڑان پاکستان پروگرام کے ساتھ باہم منسلک کر سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی آزمائشوں پر پوری اتری، نسل در نسل منتقل ہوئی ہے، سی پیک صرف ایک راہداری نہیں بلکہ خوابوں وامیدوں کا اشتراک ہے، سی پیک خطے میں ترقی، روزگار، تحفظ اور خوشحالی کا ضامن ہے، سی پیک دہائیوں پر محیط تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ خنجراب سے گوادر تک سی پیک نے ترقی اور نئے مواقع پیدا کیے ہیں، سی پیک میں روزگار، زراعت، خصوصی اقتصادی زونز، صنعت اور ثقافت شامل ہیں، سی پیک کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے وزیر اعظم کا ہدف گوادر کو پاکستان کا جدید اور محفوظ ترین شہر بنانا ہے، گوادر پورٹ کو سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے بین الاقوامی معیار کا بنایا جا رہا ہے۔