لاہور؛ سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں 2 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث ڈاکو ہلاک، 2 فرار
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
لاہور:
سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان نشتر کالونی ناکے پر فائرنگ کے تبادلے میں نواب ٹاؤن کے علاقے میں 2 کروڑ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک ڈاکو ہلاک اور 2فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نشتر کالونی سوار حسین روڈ کے قریب پولیس ناکے پر مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور پیچھا کرنے پر فائرنگ شروع کر دی۔
دو طرفہ فائرنگ کے دوران ایک ملزم محمد رمضان ہلاک جب کہ اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔
ہلاک ملزم محمد رمضان پشاور کا رہائشی اور متعدد مقدمات میں اشتہاری نکلا۔ ملزم سیالکوٹ میں ڈکیتی کے مقدمات نمبر 796/22 اور 141/22 میں بھی مطلوب تھا۔ اس کے علاوہ ملزم محمد رمضان لاہور تھانہ نواب ٹاؤن کی 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں بھی ملوث تھا ۔
ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس ٹیم محفوظ رہی، تاہم سرکاری گاڑی پر گولیاں لگیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بچوں سے زیادتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ملزم کا عبرتناک انجام
بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ملزم اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ گیا۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ امرال کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک اور 2 فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت محمد عباس کے نام سے ہوئی، جس سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ مقابلے میں ہلاک ملزم معصوم بچی کے اغوا کے مقدمے میں رتہ امرال پولیس کو مطلوب تھا۔ اس کے علاوہ ملزم راولپنڈی اور لاہور میں بچوں و بچیوں کے اغوا اور زیادتی کے مقدمات میں بھی ریکارڈ یافتہ تھا، جس کے خلاف بچوں سے زیادتی کے درجنوں غیر رپورٹ شدہ واقعات کی بھی اطلاعات تھیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی اور اس دوران ایک گولی محمد اویس سب انسپکٹر کو بھی لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے جب کہ جوابی فائرنگ میں زخمی ہونے والے ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مقابلے کی اطلاع ملنے پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔