کراچی؛ ریٹائرڈ سب انسپکٹر پر شہری کے اغوا کا الزام، ایس ایس پی کیماڑی عدالت میں طلب
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
کراچی:
سندھ ہائیکورٹ نے مومن آباد تھانے کی حدود سے شہری اسرار احمد کی بازیابی کی درخواست پر ایس ایس پی کیماڑی کو تفصیلی رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا۔
ہائیکورٹ میں مومن آباد تھانے کی حدود سے شہری اسرار احمد کی بازیابی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ لاپتا شہری کے بھائی نے کہا کہ سب انسپکٹر پارس نے بھائی کو اٹھایا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ 30 جون سے اسرار احمد لاپتا ہے، 5 ماہ گزر گئے ہیں، اسرار احمد کا کوئی پتا نہیں۔ ریٹائرڈ سب انسپکٹر پارس نے گھر پر ریڈ کرکے شہری کو اغوا کیا۔ پارس ایک ریٹائرڈ پولیس افسر ہے۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیا نام ہے پولیس اہلکار کا؟ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ پارس سب انسپکٹر ہے، ریٹائرڈ ہوگیا ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا تھانے میں کیا کام ہے؟ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ وہ وہاں پر منشی کا کام کرتا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار کیسے کام کر سکتا ہے، کب ریٹائرڈ ہوا تھا سب انسپکٹر پارس؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ پولیس اہلکار 2019 میں ریٹائرڈ ہوا ہے۔
سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ شہری کے اغوا میں 2 ملزمان نامزد ہیں، جن ملزمان کو انہوں نے نامزد کیا ہے دونوں کے چالان ہو چکے ہیں۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ لاپتا شہری کا سی ڈی آر کہاں ہے، جس دن شہری اغوا ہوا اس دن سے اب تک اس کا نمبر بند آرہا ہے۔
عدالت نے ایس ایس پی کیماڑی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وکیل نے موقف دیا کہ استفسار کیا کہ پولیس اہلکار سرکاری وکیل سب انسپکٹر عدالت نے
پڑھیں:
کراچی، فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلہ، 2 زخمی ڈاکو گرفتار، چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد
کراچی:شہر قائد میں فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے راشد منہاس روڈ سہراب گوٹھ پل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایس یس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عمران خان کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت شعیب ولد احسان کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام رضی الدین ولد سمیع الدین بتایا۔
گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
ملزمان سے ملنے والی موٹرسائیکل 21 جولائی 2026 کو شاہراہ پاکستان سے شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی تھی ۔