ایک وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے دوسرے کا انتخاب نہیں ہو سکتا: ڈاکٹر عباد اللّٰہ
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
—فائل فوٹو
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا ہے کہ ایک وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے دوسرے کا انتخاب نہیں ہو سکتا۔
کے پی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا، یہ عمل غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے، علی امین گنڈاپور نے دو دفعہ استعفیٰ دیا ہے۔ آئین کے مطابق جب آپ استعفے دیں تو منظور ہونے کے بعد کابینہ سے ڈی نوٹیفائی ہوگا۔
علی امین گنڈاپور ایوان میں پہنچے تو حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خاموشی اختیار کر لیں، مجھے مجبور نہ کریں کہ سب کو نکال دوں، اسے بولنے دیں، سب کو اسمبلی میں بولنے کا حق ہے۔
ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کو کیوں متنازع بنا رہے ہیں، آپ کے پاس اکثریت ہے، وزیراعلیٰ کا انتخاب چار دن بعد بھی ہو سکتا ہے، ہم واک آؤٹ کر رہے ہیں، غیر آئینی اقدام کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
جس پر اسپیکر نے کہا کہ چند لوگوں کی خواہش ہے کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہ بنیں، آئین لوگوں کی خواہشات پر نہیں چل سکتا، آئین کے مطابق چلیں گے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسمبلی میں ہلڑ بازی کی۔
اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ کا کہنا تھا کہ یہ سب پارٹی کے ورکرز ہیں انہیں باہر نہ نکالیں، علی امین گنڈاپور نے اپنی کارکردگی بیان کی، میں ان کو اب بھی سی ایم سمجھتا ہوں، اگر ان کی کارکردگی اچھی ہوتی تو ان کو ہٹایا کیوں گیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ڈاکٹر عباد الل کا انتخاب نے کہا کہ
پڑھیں:
گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر آج تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا فیصلہ
علی امین گنڈاپور کا بطور وزیر اعلیٰ پختونخوا استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انہیں تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کا اسمبلی ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا۔
اسمبلی کے اجلاس کا فیصلہ پی ٹی آئی کی قیادت کی رات گئے بیٹھک میں کیا گیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
اجلاس میں علی امین گنڈاپور کے خلاف عدم اعتماد تحریک پیش کی جائے گی، گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہ کرنے پر اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا تھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انہیں تاحال استعفیٰ موصول نہیں ہوا، جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے صوبائی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے علی امین گنڈاپور کو ہٹاکر نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔