افغان سرحد سے بلا اشتعال جارحیت، قوم کا افواج پاکستان کیساتھ بھر پور اظہار یکجہتی
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
پاک افغان سرحد پرافغانستان سے بلا اشتعال جارحیت کیخلاف قوم نے افواج پاکستان کیساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر میں افواج پاکستان کے حق میں ریلی اور افغان دہشتگردوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ افغانیوں کو دل میں جگہ دی مگر یہ ہم پر حملہ کرتے ہیں۔ ہم نے انہیں بھائی چارہ اور محبت دی لیکن یہ کبھی پاکستان زندہ باد نہیں کہیں گے۔ یہ غدار لوگ ہیں، ہم نے انہیں بچوں اور بہن بھائیوں کی طرح پالا ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ یہ مودی اور بھارتی حکومت کی خوشنودی کیلئے ہماری چیک پوسٹوں پر حملہ کر رہے ہیں۔ افغانستان خوارج اور دہشتگردوں کا مرکز ہے۔ آج افغان پوسٹوں پر پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہے، ہم پاک فوج کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے رہیں گے۔
شہریوں نے کہا کہ پاک فوج کا عزم ہے کہ ان تمام عناصر کو ختم کر دیں گے جو پاکستان کے امن کو خراب کرتے ہیں۔ افغانستان ہمارے دشمن بھارت کیساتھ کھڑا نہ ہو، انڈیا ہمارا دشمن ہے اور پاک فوج اس کی ہر چال سے باخبر ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اوراگر جنگ ہو گی تو شانہ بشانہ لڑیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاک فوج
پڑھیں:
پاک افواج نے ہمیشہ کی طرح افغان جارحیت کا جواب جرأت، دانشمندی اور قومی اتحاد سے دیا ہے: مریم نواز
فائل فوٹووزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ اور جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور پاک فوج کو دلیری، عزم اور حکمت کے ساتھ مؤثر جواب دینے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج پوری قوم کی عزت، غیرت، عزم اور وقار کی علمبردار ہے۔ افغان جارحیت کا جواب پاک افواج نے ہمیشہ کی طرح جرأت، دانشمندی اور قومی اتحاد سے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان کی سرحدیں ایک مقدس امانت ہیں اور اُن کی حفاظت ہر پاکستانی پر فرض ہے، افغان جارحیت کا جواب اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاک سرزمین امن کی ضامن ہے، کمزوری کی علامت نہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان متعدد لاشیں اور پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے، افغانستان کی جانب سے جارحیت اُس وقت کی جا رہی ہے جب افغان وزیر خارجہ بھارت کے دورے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، ہم امن چاہتے ہیں، مگر پاکستان کی سالمیت یا شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جو ہر مشکل وقت میں ملک و ملت کے دفاع کے لیے چٹان کی طرح ڈٹی رہتی ہیں۔