پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، جلسے جلوس و ریلیوں پر مکمل پابندی
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
لاہور: پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے میں ہفتہ 18 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ رہے گی، جس کے دوران چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہے، البتہ اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے اس کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت، تقسیم یا تشہیر پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے خدشات اور امن عامہ کی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں امن و امان قائم رکھا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر عوامی اجتماعات اور احتجاج کا فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کر سکتے ہیں، اسی خطرے کے باعث فوری اقدامات ناگزیر تھے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ دفعہ 144 کا اطلاق شادیوں، جنازوں اور تدفین جیسی تقریبات پر نہیں ہوگا جبکہ سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، پنجاب حکومت نے اس حوالے سے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مریدکے سانحے پر کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: مکمل پابندی
پڑھیں:
9 مئی فسادات، تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد
9 مئی کے فسادات کے مقدمات میں ملوث سیاسی رہنماؤں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، عمر ایوب، فواد چوہدری اور شبلی فراز کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں علی امین گنڈا پور، شہریار آفریدی، عثمان ڈار، شیریں مزاری، زرتاج گل، مسرت چیمہ اور کنول شوذب بھی بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ شیخ رشید، طاہر صادق، راجہ بشارت اور واثق قیوم پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی حکومت کو 132 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی، جس پر منظوری دے دی گئی ہے۔