اسرائیلی جیل میں فلسطینی رہنما مروان برغوثی پر شدید تشدد، پسلیاں ٹوٹ گئیں
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
رام اللہ: فلسطینی تنظیم فتح موومنٹ کے رہنما اور معروف سیاسی قیدی مروان برغوثی پر اسرائیلی جیل اہلکاروں کے تشدد کا انکشاف ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی چار پسلیاں ٹوٹ گئیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی حکام نے مروان برغوثی کی رہائی روکنے کے بعد انہیں جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور قیدیوں کے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
مروان برغوثی 2003 سے اسرائیل کی قید میں ہیں اور انہیں فلسطین کے سب سے مقبول سیاسی رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ مغربی کنارے اور غزہ دونوں علاقوں میں فلسطینی عوام کے درمیان مزاحمت کی علامت بن چکے ہیں۔
دوسری جانب، غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں جنگ بندی کے باوجود جاری ہیں، جہاں تازہ فائرنگ سے مزید چار فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں جنگ بندی کے آغاز سے اب تک شہدا کی تعداد 23 ہو چکی ہے۔
ادھر حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے باعث یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی میں تاخیر ہو رہی ہے کیونکہ تباہ شدہ سرنگوں میں موجود ملبہ ہٹانے کے آلات اسرائیلی پابندی کی وجہ سے دستیاب نہیں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مروان برغوثی
پڑھیں:
2016 سے 2025 تک ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہرے؛ پولیس کے بھاری نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور:تحریک لبیک کے پرتشدد مظاہروں میں 2016 سے 2025 تک پولیس کے کتنے اہلکار شہید و زخمی ہوئے، کتنی گاڑیاں جلائیں و ناکارہ بنا دیں، اس متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق تحریک لبیک کے پرتشدد مظاہرین نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 11پولیس اہلکاروں کو شہید کیا جبکہ بے قابو ہجوم کے پتھراؤ، ڈنڈوں اور فائرنگ سے 1648 اہلکار زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والے 69 اہلکار مستقل معذور ہوگئے جبکہ 202 شدید زخمی اور 1194 معمولی زخمی ہوئے۔
اسی طرح مظاہرین کے تشدد سے 16 عام شہری جاں بحق اور 54 شدید زخمی ہوئے، 97 گاڑیاں مکمل طور توڑ پھوڑ کرکے ناکارہ اور دو گاڑیاں جلا دی گئیں۔ پولیس کی 10عمارتوں کو شدید نقصان بھی پہنچایا گیا۔
تحریک لبیک کے پرتشدد مظاہرین پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت 305 مقدمات درج ہوئے جبکہ 480 دیگر دفعات کے تحت درج کیے گئے۔
حالیہ مقدمات میں 1529 نامزد جبکہ 17ہزار 812 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔