پنجاب حکومت کے اقدامات: لاہور میں آج ہوا کا معیار نسبتاً بہتر رہنے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
لاہور ( نیوزڈیسک) پنجاب حکومت کے اقدامات اور ہوا کی کم رفتار کے نتیجے میں آج لاہور میں ہوا کا معیار نسبتاً بہتر رہنے کا امکان ہے۔
مشرق سے مغرب کی طرف چلنے والی ہواؤں سے لاہور میں اے کیو آئی کی اوسط سطح 220 سے 240 کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
بھارت میں گزشتہ روز دیوالی پر آتش بازی اور پرالی جلانے سے پیدا ہونے والی سموگ ہواؤں کے ذریعے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں آلودگی کا سبب بنی تھی۔
پنجاب حکومت کے اینٹی سموگ آپریشن سے صورتحال کو کنٹرول کیا گیا جس کے اثرات آج لاہور میں بہتر ایئر کوالٹی کی صورت میں ظاہر ہوں گے، ہوا کی رفتار 3 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی، صبح کے وقت درجہ حرارت کم اور بارش نہ ہونے کا امکان ہے۔
صبح سویرے اور رات کے اوقات میں ہوا کا معیار خراب ہونے کا خدشہ ہے جبکہ شام کے وقت ٹریفک کے دباؤ، کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت، گردوغبار اور بھارت میں دیوالی سے ہونے والی آلودگی کی وجہ سے اے کیو آئی دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے۔
دوپہر 12 سے شام 5 بجے کے درمیان فضائی معیار بہتر رہے گا جبکہ دوپہر میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھے گا، ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ جائے گی۔
صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ بچے، بزرگ افراد اور سانس یا دل کے مریض صبح سویرے اور غروب آفتاب کے بعد باہر نکلنے سے گریز کریں۔
بھارتی علاقوں ہماچل پردیش اور دھرمشالہ سے پاکستانی علاقوں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد کی طرف 5 سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی جبکہ بھارتی لدھیانہ اور سری گنگا نگر سے پاکستانی علاقوں ساہیوال، بورے والا، وہاڑی کی طرف ہواؤں کی رفتار 6 سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔
بھارتی علاقے ہریانہ سے پاکستانی علاقوں بہاولپور، رحیم یار خان اور ملتان کی طرف 4 سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ ڈی جی خان، لیہ اور بھکر میں ہوا کی رفتار نسبتاَ کم ہوگی، یہ رفتار 2 سے 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔
پنجاب حکومت کا اینٹی سموگ آپریشن پوری قوت سے جاری ہے اور زیادہ آلودگی والے علاقوں میں اینٹی سموگ گنز کا استعمال بھی جاری ہے، تعمیراتی مقامات اور راستوں پر چھڑکاؤ بھی جاری رہے گا، دھول، گردو غبار، دھوئیں سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل جاری رہے گا، لاہور میں ٹرکوں اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر کنٹرول کی پالیسی پر عمل ہوگا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب زیب کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کا بھرپور تعاون سموگ میں کمی لانے میں بہت اہم ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کلومیٹر فی گھنٹہ پنجاب حکومت کا امکان ہے لاہور میں کی رفتار ہوا کی کی طرف
پڑھیں:
لاہور میں شمال مغربی ہوائوں کے باعث درآمد شدہ آلودگی میں اضافہ
صوبائی دارالحکومت لاہور میں شمال مغربی ہوائوں کے باعث درآمد شدہ آلودگی میں اضافہ ہونے پر پنجاب حکومت نے شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے اور اینٹی سموگ پلان مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام ادارے 24/7 فیلڈ میں متحرک ہیں اور فضائی آلودگی کے سدباب کے لیے سائنسی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، صنعتی شہروں سے آنے والی آلودگی کی سائنٹفک میپنگ کے ذریعے مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے جبکہ حکومتی اقدامات سے آئندہ دنوں میں واضح بہتری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق شمال مغربی ہوائوں کے باعث آلودگی کی آمد میں اضافہ ضرور ہوا ہے تاہم حکومتی ریگولیشنز میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جا رہی، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے ڈرون سرویلنس اور گرانڈ ٹیموں کی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔وزیراعلی کی ہدایات پر ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ، وارننگ سسٹم اور فوری رسپانس یونٹس کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، سموگ کنٹرول مشینری، واٹر بازرز اور انسپیکشن ٹیموں کو بھی لاہور میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔حکومت نے شہریوں خصوصاً حساس افراد کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال بڑھائیں، پانی زیادہ پئیں اور سانس میں تکلیف کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت خطے میں سب سے جامع اینٹی اسموگ پلان پر عملدرآمد کر رہی ہے اور عوامی تعاون سے صورتحال مزید بہتر ہو گی۔