بھارت: ورلڈکپ میچ سے قبل آسٹریلوی خواتین کرکٹرز سے چھیڑ چھاڑ، ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
بھارت میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے میچ سے قبل آسٹریلوی خواتین کرکٹرز سے چھیڑ چھاڑ کی گئی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کی 2 کرکٹرز کو مدھیہ پردیش میں ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے مبینہ طور پر ڈنڈا مارا اور ان میں سے ایک کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا تھا جب آسٹریلوی ٹیم کی کھلاڑی اپنے ہوٹل سے باہر نکل کر قریبی کیفے کی طرف جا رہی تھیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص نے ان کا پیچھا کیا اور نامناسب طریقے سے چھو کر فرار ہو گیا تھا۔
آسٹریلوی ٹیم کی کھلاڑیوں نے فوری طور پر اپنی ٹیم کے سیکیورٹی افسر کو اس حوالے سے مطلع کیا اور انہوں نے مقامی سیکیورٹی افسران سے رابطہ کیا۔ مقامی پولیس نے کھلاڑیوں کا بیان ریکارڈ کر کے کارروائی شروع کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مبینہ طور پر ایک راہگیر نے موٹرسائیکل کا نمبر نوٹ کر لیا تھا جس کے بعد جمعے کے روز ملزم عقیل خان کو شناخت کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس نے کہا کہ ملزم کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازم کے کروڑوں کے اثاثوں کا انکشاف
کراچی کے علاقے ڈیفنس سے چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازم کے کروڑوں کے اثاثوں کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 45 ہزار ماہانہ تنخواہ پر ملازم کے 4 بینک اکاؤنٹس اور اکاؤنٹس سے ایک کروڑ 86 لاکھ کی ٹرانزیکشن کے شواہد ملے۔
کراچی میں ساحل پولیس نے کلفٹن میں کارروائی کرتے ہوئے چوری کے الزام میں گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی چرانے کا انکشاف کیا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے ملزم نے چوری کی رقم سے کراچی میں فلیٹ، ہری پور و اسلام آباد میں پلاٹ خریدے، ملزم کی ایک مسافر وین بھی ہے جو ہری پور روٹ پر چل رہی ہے۔
ملزم سے 1 کروڑ روپے مالیت کا سونا بھی برآمد ہوا ہے، ملزم کو ڈیفنس کے رہائشی بزرگ جوڑے نے 8 برس قبل ملازمت پر رکھا تھا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ بزرگ جوڑے کو بیرون ملک مقیم بیٹا اور بیٹی ماہانہ بھاری رقم بھیجتے تھے، 4 سال قبل بزرگ کا انتقال ہوا تو ملزم معمر خاتون کی دیکھ بھال کرتا رہا، اس ہی دوران چوری شروع کی۔