135 رنز کی اننگز کے فوراً بعد کوہلی کا بڑا اعلان، کیا ٹیسٹ ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں؟
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 135 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔
گزشتہ دنوں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بی سی سی آئی شاید سینئر کھلاڑیوں کوہلی اور روہت شرما کو ٹیسٹ ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے قائل کرے لیکن کوہلی نے صاف الفاظ میں کہا کہ وہ اب صرف ایک ہی فارمیٹ کھیلیں گے۔
میچ کے بعد گفتگو میں کوہلی نے کہا کہ میں اب صرف ون ڈے کھیل رہا ہوں اور یہی میرا فوکس ہے۔ ان کے اس بیان نے یہ واضح کر دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا دروازہ وہ خود ہمیشہ کے لیے بند کر چکے ہیں۔
123 ٹیسٹ اور 9230 رنز کے شاندار کیریئر کے باوجود کوہلی نے واضح کیا کہ وہ اپنی ذہنی اور جسمانی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
کوہلی نے یہ بھی بتایا کہ آسٹریلیا کے دورے کے بعد انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا تھا، اسی لیے وہ رائے پور معمول سے کئی روز پہلے پہنچے تاکہ دن اور رات دونوں سیشنز میں پریکٹس کرکے خود کو دوبارہ میچ کیلئے تیار کر سکیں۔ ان کے مطابق کرکٹ ہمیشہ ذہنی کھیل رہا ہے اور جب وہ اچھے ذہنی فریم میں ہوں تو کارکردگی خود بخود سامنے آتی ہے۔
ادھر بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائقیا نے بھی میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹس کو ’’بے بنیاد‘‘ قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے نہ کوئی رابطہ کیا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی گفتگو ہوئی ہے۔
ساوتھ افریقہ کے خلاف ان کی 52 ویں سنچری نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ کوہلی ون ڈے کرکٹ میں پوری توانائی کے ساتھ موجود ہیں اور اسی فارمیٹ کو اپنا مستقبل سمجھتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کوہلی نے
پڑھیں:
ویرات کوہلی کی شاندار سنچری، بھارت کا پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو 350 رنز کا ہدف
ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 350 رنز کا ہدف دے دیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا مشکلات کا شکار ہے اور تین کھلاڑی صرف 11 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے ہیں۔
قبل ازیں رانچی میں کھیلے جارہے تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے۔
کپتان کے ایل راہول 60 اور روہت شرما 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی طرف سے مارکو جانسن، نندری برگر، کوربن بوش اور اوٹنیل بارٹمین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔