تیل و گیس کے شعبے سے معیشت کیلئے بڑی خوشخبری آگئی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
کراچی(نیوز ڈیسک)معیشت کے لیے مقامی تیل و گیس کے شعبے سے مزید ایک خوشخبری سامنے آگئی۔
ترکیہ اور پاکستان کے درمیان سمندر میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، معاہدے کے تحت ایسٹرن آف شور انڈس بلاک سی میں تیل و گیس کے ذخائر تلاش کیے جائیں گے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی جانب سے اس سلسلے میں تفصیلات پر مشتمل خط پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو ارسال کردیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگیا ہے۔
خط کے مطابق پی پی ایل نے 25 فیصد شراکت داری حصہ اور آپریٹرشپ ترکیہ کی پیٹرولیم اوورسیز کو منتقل کردی ہے جبکہ او جی ڈی سی ایل اور ماری انرجیز بھی اس منصوبے میں 20 فیصد کے شراکت دار ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی پی ایل منصوبے میں اپنا 35 فیصد حصہ برقرار رکھے گا اور یہ شراکت پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
خط کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان اور ترکیہ کے طویل مدتی اسٹریٹجک توانائی اتحاد کی مضبوطی کا باعث بنے گی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
نومبر میں مہنگائی کی شرح معمولی کمی کے ساتھ 6.1 فیصد پر آگئی
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
ملک میں نومبر 2025 کی مجموعی مہنگائی معمولی کمی کے بعد 6.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو اکتوبر کی 6.2 فیصد شرح سے کم ہے۔
اگرچہ مہنگائی میں ہلکی کمی آئی ہے مگر یہ گزشتہ سال کے اسی ماہ کی 4.9 فیصد شرح سے اب بھی زیادہ ہے، تاہم بنیادی افراطِ زر میں نمایاں کمی نے شرحِ سود میں ممکنہ کمی کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی بنیاد پر مجموعی افراطِ زر میں استحکام دیکھا گیا ہے۔ معیشت دانوں کا کہنا ہے کہ بنیادی مہنگائی کی کمی اس بات کی علامت ہے کہ مستقبل میں پالیسی ریٹ میں نرمی کا امکان بڑھ رہا ہے، جس سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آسکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 کے ابتدائی پانچ ماہ میں اوسط مہنگائی 5.01 فیصد ریکارڈ ہوئی جو گزشتہ سال کی 7.88 فیصد کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدی اخراجات میں کمی، ایکسچینج ریٹ کے استحکام اور سپلائی چین کی بہتری نے افراطِ زر پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مزید معاشی تجزیوں کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ مہینوں میں مہنگائی مزید کم ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی میں مثبت تبدیلی کا امکان بڑھ جائے گا۔