25 سال بعد بسنت کی واپسی، روایتی تہوار جوش وخروش سے منایا جائے گا
اشاعت کی تاریخ: 10th, December 2025 GMT
لاہور : 25 سال بعد تاریخی بسنت کی روایت واپس آ رہی ہے اور فروری میں یہ روایتی تہوار جوش وخروش سے منایا جائے گا۔ بہار کی آمد پر منائے جانے والے تاریخی بسنت تہوار کی 25 سال بعد واپسی ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت فیسٹیول کی بحالی کی منظوری دے دی ہے۔
اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 25 سال بعد تاریخی بسنت روایت کی واپسی ہو رہی ہے۔ 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو لاہور بھر میں بسنت فیسٹیول منایا جائے گا۔سینئر وزیر نے کہا کہ بسنت فیسٹیول منانے سے قبل بسنت آرڈیننس 2025 مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا۔ بسنت کی مانیٹرنگ کیلیے جدید سسٹم فعال کیا جائے گا۔ ہر پتنگ، ڈور اور فروخت کنندہ رجسٹرڈ اور کیو آر کوڈڈ ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر موٹر سائیکلوں پر حفاظتی اینٹینا لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور کل سے شہر بھر میں موٹر سائیکلوں پر اینٹینا لگانے کی مہم شروع ہوگی۔ بسنت سے پہلے لاہور کی ہر موٹر سائیکل پر اینٹینا لگا دیا جائے گا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بسنت عوام کا تہوار ہے اور اس کی کامیابی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ شہریوں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
’’خیبر پی کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پالیسی اینڈ روڈ میپ 2030ء ‘‘ کا اجراء
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمد سہیل آفریدی نے ’’خیبر پی کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پالیسی اینڈ روڈ میپ 2030ء ‘‘ کا باضابطہ اجراء کر دیا۔ جو 5 سٹریٹجک ستونوں، 9کلیدی اہداف، 32 تھیمیٹک ڈومینز، 915 سٹریٹجک اقدامات پر مشتمل ہے۔اس پالیسی کے تحت حکومتی خدمات مرحلہ وار آن لائن اور Citizen-Centric بنائے جائیں گی۔ پیپر لیس گورننس کے ذریعے شفافیت، جوابدہی اور سرکاری کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو AI اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔ گرین آئی سی ٹی، کاربن فٹ پرنٹ میں کمی اور کاربن کریڈٹ رجسٹری پر کام کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل اصلاحات سے عوام کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔