پاکستان نے تمام تر اقتصادی اور سلامتی کے چیلنجز کے باوجود لاکھوں افغانوں کو پناہ دی، عاصم افتخار
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے تمام تر اقتصادی اور سلامتی کے چیلنجز کے باوجود لاکھوں افغانوں کو پناہ، تحفظ اور مواقع فراہم کیے ہیں، اور تیسرے ممالک میں افغانوں کی آبادکاری میں بھی سہولت فراہم کی ہے۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں پناہ گزینوں پر منعقدہ اجلاس میں قومی بیان دیتے ہوئے کہا کہ تنازعات، ظلم و ستم، غیر ملکی قبضے اور گہری ہوتی ہوئی عدم مساوات جیسے عوامل پناہ گزینوں کے بحران کو مزید شدید بنا رہے ہیں، اور یہ انسانوں کو امید کے سہارے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر رہے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے نشاندہی کی کہ جبری نقل مکانی کے بڑھنے کے باوجود عالمی ردعمل غیر مساوی، غیر منصفانہ اور انتہائی ناکافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک، جو خود بھی سماجی و معاشی چیلنجز سے نبردآزما ہیں، اس بوجھ کا سب سے زیادہ سامنا کر رہے ہیں۔"دوسری جانب، ترقی یافتہ ممالک جو کہیں زیادہ وسائل اور اخلاقی ذمہ داری رکھتے ہیں، اندرونِ ملک مائل (Inward-looking) ہو گئے ہیں۔ فزیکل اور سیاسی رکاوٹیں کھڑی کر کے وہ ان افراد کے لیے دروازے بند کر رہے ہیں جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔
افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ وہاں دہائیوں سے جاری تنازعات، اقتصادی تباہ حالی اور عدم تحفظ نے دنیا کے طویل ترین پناہ گزین بحرانوں میں سے ایک کو جنم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چالیس برسوں سے مہمان نوازی اور انسان دوستی کی درخشاں روایت برقرار رکھی ہے، اور دنیا کے سب سے بڑے اور طویل ترین افغان پناہ گزین آبادیوں کی میزبانی کی ہے۔
پاکستان نے تمام تر اقتصادی اور سلامتی کے چیلنجز کے باوجود لاکھوں افغانوں کو پناہ، تحفظ اور مواقع فراہم کیے ہیں، اور تیسرے ممالک میں افغانوں کی آبادکاری میں بھی سہولت فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی بھی غیر حل شدہ تنازعات اور غیر قانونی قبضے کے نتیجے میں بدترین جبری نقل مکانی کے بحرانوں سے متاثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کا حق، جس کی توثیق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 194 میں کی گئی تھی، اب تک پورا نہیں ہو سکا۔
سفیر عاصم نے مزید کہا کہ شام، یمن، سوڈان اور دیگر تنازعہ زدہ علاقوں سے بے دخل ہونے والے لاکھوں افراد اب بھی رضاکارانہ، محفوظ اور باوقار واپسی کے حالات کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں سے متعلق عالمی معاہدے (Global Compact on Refugees) میں درج مساوی بوجھ اور ذمہ داری کی شراکت کا اصول تاحال پورا نہیں کیا گیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ رضاکارانہ واپسی اور پائیدار بحالی کو ترجیح دی جائے واپسی کے پروگراموں کو مکمل طور پر فنڈ کیا جائے اور ممالکِ اصل میں ترقیاتی امداد اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی جائے تاکہ مہاجرین کی محفوظ، باوقار اور پائیدار واپسی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے کہ جبری نقل مکانی کے بنیادی اسباب جیسے کہ غیر حل شدہ تنازعات، غیر ملکی قبضے اور حقوق کی منظم خلاف ورزیاں کا حل عالمی برادری اور سلامتی کونسل کی اجتماعی سیاسی قوت اور مثر عملی اقدامات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ایک سیاسی ذمہ داری ہے بلکہ ایک اخلاقی فریضہ بھی ہے، جو انسانی تاریخ میں گہرے طور پر پیوست ہے۔
آخر میں، انہوں نے اسلامی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد ۖ کی ہجرت ظلم و ستم کے خلاف سلامتی، عزت و وقار اور انصاف کی تلاش کا لازوال نشان ہے۔"اسی عظیم ہجرت سے اسلامی کیلنڈر کا آغاز ہوتا ہے جو اس امر کی یاد دہانی ہے کہ نقل مکانی، اگرچہ تکلیف دہ ہوتی ہے، لیکن انسانیت، ہمدردی، یکجہتی اور نئے امکانات کی بنیاد بھی فراہم کر سکتی ہے۔"
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سفیر عاصم افتخار احمد نے انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں اور سلامتی پاکستان نے نقل مکانی کے باوجود فراہم کی رہے ہیں
پڑھیں:
پاکستان اور ایران کا باہمی تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد:پاکستان اور ایران نے صحت، تعلیم، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے باہمی تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وفاقی وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان 22 ویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس تہران میں ہوا، جس میں دونوں ممالک کا باہمی تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان اقتصادی امور نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر تجارت جام کمال نے کی، جن کے ہمراہ سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم سمیت اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایرانی وفد کی سربراہی وزیر اربن ڈیولپمنٹ فرزانہ صادق نے کی۔
ترجمان اقتصادی امور نے بتایا کہ اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان اہم پروٹوکولز پر دستخط ہوئے، صحت، تعلیم، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک کے درمیان لیبر کوآپریشن کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ کمیٹی تعمیرات، ٹیکسٹائل اور زراعت جیسے شعبوں میں مزدوروں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے حوالے سے تجاویز دے گی۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق 23 ویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔