سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کا حملہ، سرکاری افسران کے گھر جلادیے، اے ڈی سی ریونیو شہید
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
کوئٹہ:
فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے شہر سوراب میں بینک کو لوٹ لیا اور مختلف سرکاری افسران کے گھر جلادیے، دفاع کرتے ہوئے اے ڈی سی ریونیو شہید ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فتنۃ الہندوستان نے ایک دفعہ پھر عام بلوچوں پر حملہ کیا ہے، آج شام کو فتنۃ الہندوستان کے بیس سے تیس دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سوراب شہر کے بازار میں داخل ہوئے، سافٹ ٹارگٹ جیسا کہ بینک اور مارکیٹوں کو نشانہ بنایا بازار میں عام بلوچ خواتین اور بچوں کر بھی تشدد کیا۔
بلوچ بچوں اور عورتوں کو بچانے کے دوران اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بلیدہ سے تعلق رکھنے والے اور سوراب کے اے ڈی سی آر ہدایت اللہ بلیدی نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ایف سی کو آتا دیکھ دہشت گرد فرار ہوگئے۔
فتنۃ الہندوستان نے بلوچ علاقوں کو اور بلوچ خواتین و بچوں کو ٹارگٹ کر کے ایک دفعہ پھر ثابت کیا کہ ان انڈین اسپانسرڈ دہشت گردوں کا بلوچستان اور بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں۔
سورات میں ریاستی کی رٹ کو چیلنج کیا گیا، بلوچستان حکومت
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر بزدلانہ حملہ کیا ہے جس میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے، سوراب بازار میں بینک لوٹ لیا گیا اور مختلف سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی، اے ڈی سی کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے، ہندوستان کی پراکسیز نے ان کے ایماء پر کارروائی کی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کا عزم ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ایف سی پولیس اور لیویز علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور علاقے میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، شرانگیزی میں ملوث بزدل دہشت گردوں کا معصوم شہریوں اور ان کی املاک پر حملہ ان کی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی کھلی و واضح عکاسی ہے، دہشت گردوں کے ارض وطن سے صفائے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلی مثال قائم کی، پوری قوم کی ہمدردیاں ہدایت اللہ بلیدی شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، افواج پاکستان بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والی پراکسیوں کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سر پرستی میں ارض وطن میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے ملک سے مکمل صفائی کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِ اعظم نے واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان ہدایت اللہ بلیدی فتنۃ الہندوستان کرتے ہوئے اے ڈی سی کہا کہ نے کہا
پڑھیں:
پنجاب کے مختلف شہروں سے 18 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد
لاہور:سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک ماہ میں 386 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 18 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار ملزمان میں انتہائی خطرناک دہشت گرد تنظیم کا اہم رکن بھی شامل ہے جو پنجاب کے ایک شہر میں دہشت گردی کی پلاننگ مکمل کر چکا تھا۔
کارروائیاں لاہور، منڈی بہاءالدین، خوشاب، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرانوالہ، نارووال، پاک پتن، بھکر وغیرہ میں کی گئیں۔
دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ای ائی ڈی بم، تین ڈیٹونیٹرز، 13 حفاظتی فیوز وائر، پمفلٹ، نقدی برآمد ہوئی۔
دہشت گردوں کی شناخت محمد کریم، علی رضا، محمد عزیز، محمد علی، ہاشم، نور الامین، سلیم ، صدام وغیرہ کے ناموں سے سے ہوئی۔
دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
دریں اثنا رواں ماہ میں 4601 کومبنگ آپریشنز کے دوران 320 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، کومبنگ آپریشنز میں 109892 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔