پاراچنار میں محرم الحرام کے دوران اہم اور حساس مقامات پر سخت چیکنگ
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
ایامِ محرم میں عوام کے تحفظ اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرم کی روک تھام کے لیے کرم پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے کالے شیشے، غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں، پولیس لائٹس کا ناجائز استعمال اور مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی جیسے اقدامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر کے اہم اور حساس مقامات پر سخت چیکنگ اور جنرل ہولڈ اپ ناکہ بندیاں کی گئیں۔ ایامِ محرم میں عوام کے تحفظ اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرم کی روک تھام کے لیے کرم پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے کالے شیشے، غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں، پولیس لائٹس کا ناجائز استعمال اور مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی جیسے اقدامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پاراچنار شہر میں ایس ایچ او اشتیاق حسین ، سٹی انچارج امجد علی و ٹریفک انچارج سید ریاض حسین کی نگرانی میں اندرونِ شہر و مین انٹری پوائنٹس پر متعدد گاڑیوں کے شیشوں سے کالے رنگ کے اسٹیکرز ہٹائے گئے جبکہ درجنوں غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانوں اور چوکیات میں بند کر دیا گیا۔ پولیس کے ان سیکیورٹی اقدامات کا مقصد محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا اور ضلع میں پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے تاکہ شہری ان مقدس ایام کو مذہبی عقیدت، باہمی احترام اور پُرامن ماحول میں گزار سکیں۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں سے تباہی، جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری
---فائل فوٹوآزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں نے شدید تباہی مچا دی، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ کئی املاک کو نقصان پہنچا۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس کے باعث بیشتر دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ مختلف واقعات میں 8 افراد جان سے گئے جبکہ دو زخمی ہوئے، 6 پل اور کئی رابطہ سڑکوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔
ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر 30 سے زائد مکانات، دکانیں اور دیگر املاک تباہ ہوگئیں، بالائی علاقوں میں بجلی اور فون کا نظام متاثر ہوا، متاثرہ اضلاع کی تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں دو دن کی چھٹی کر دی گئی۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، باغ کے برساتی نالے میں سیاحوں کی گاڑی بہہ گئی، مقامی لوگوں نے کار میں سوار چاروں سیاحوں کو بچا لیا۔
اسٹیٹ ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات جاری کردیں، متاثرین کے لیے مختلف اسکولوں میں عارضی کیمپ قائم کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وادی نیلم میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے تھے، جن کو فوری اقدامات کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
لوہار گلی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مظفرآباد کے پی کے کا زمینی رابطہ منقطع ہے، شاہراہ نیلم میں متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ٹریفک معطل ہے، مظفرآباد جہلم ویلی کاٹ روڈ، کوہالہ مظفرآباد سیکشن لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جہلم ویلی کاٹ روڈ اور سری نگر مظفرآباد سیکشن متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے متاثر ہوا ہے، لیپہ مظفر آباد شاہرہ مٹی کا تودے گرنے کے باعث بند ہے۔