وزیراعظم سے سعودی سفیر کی ملاقات، ولی عہد کی جانب سے سرمایہ کاری فورم کا دعوت نامہ دیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, August 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے وزیر اعظم کو 27 تا 30 اکتوبر 2026ء کو ریاض میں ہونے والے نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو (FII) فورم میں شرکت کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے دستخط شدہ دعوت نامہ پیش کیا۔ کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دعوت نامہ بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دلی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران خطے کی حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں ایکس پر پوسٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ٹرمپ کی سرپرستی میں طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے ۔ وزیراعظم نے لکھا کہ یہ تاریخی پیش رفت جنوبی قفقاز کے لئے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جو عشروں سے جاری تنازعات اور انسانی مصائب کا شکار رہا ہے، یہ معاہدہ امن، استحکام اور تعاون کا پیغام لاتا ہے۔ ہم صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو اس تاریخی معاہدے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، جو ایک پرامن مستقبل کی راہ ہموار کرنے میں ان کی دانائی، دور اندیشی اور بصیرت کا مظہر ہے، پاکستان نے ہمیشہ برادر ملک آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے اور اس تاریخ ساز لمحے پر ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم اس معاہدے کے لیے فریقین کو قریب لانے اور ایک نتیجہ خیز سمجھوتہ طے کرانے میں امریکہ، خصوصا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سہولت کار کردار کو بھی سراہتے ہیں، یہ معاہدہ تجارت، روابط اور علاقائی انضمام کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مکالمے کی یہ روح دیگر ایسے خطوں کے لیے بھی مشعلِ راہ بنے گی، جو طویل المدتی تنازعات کا شکار ہیں۔ شہباز شریف سے صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی اور بلوچستان کی ترقی کے لئے خصوصی کوششوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کی ترقی کے لئے خصوصی کوششیں کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف نے گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کر دی۔ گوادر میں پانی کی قلت پر اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن اور منصوبہ بندی کمشن کے ساتھ متعلقہ سیکرٹریز 15 اگست کو گوادر پہنچیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشاورت سے گوادر کے شہریوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بلوچستان کی شہباز شریف نے کہا کہ ولی عہد کے لئے
پڑھیں:
آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے، وزیراعظم شریف
تصویر سوشل میڈیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت آئی ٹی کے شعبے کی اسٹریٹیجک روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئی ٹی کے شعبے کے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی جون 2025 میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026 میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی۔
وزیراعظم کو ’’کنیکٹ پاکستان وژن 2030‘‘ کے اجراء کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024 میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026 میں 72 فیصد ہو گیا۔
بریفنگ کے مطابق جون 2026 تک 5.1 ملین گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ /فائبر کنکشن دیے گئے۔