کراچی؛ شوہر کے قتل کے مقدمے میں گرفتار اہلیہ 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
کراچی:
جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے اورنگی ٹاؤن میں گھریلو تنازع پر بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت کے روبرو اورنگی ٹاؤن میں گھریلو تنازع پر بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل کا مقدمے میں گرفتار ملزمہ نور العمائمہ کو پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقتول اور ملزمہ کے درمیان خلع کا کیس چل رہا تھا۔ مقتول رات کے وقت اپنے دوست کے ہمراہ سسرال آیا۔ دیوار پھلانگ کر داخل ہوا اور ملزمہ پر فائرنگ کردی۔ ملزمہ نے بھی جواباً فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ ملزمہ نے پھر چھری سے مقتول پر وار کیے۔
ملزمہ سے برآمد ہونے والے اسلحہ اور چھری کے حوالے سے معلومات کرنی ہے۔ اصل حقائق کا پتا بھی لگانا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کیخلاف تھانہ اقبال مارکیٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، خونی ڈمپر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کی جان لے لی
کراچی:سپر ہائی وے ذکریہ گوٹھ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے مطابق سپرہائی وے ذکریہ گوٹھ میں ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تاہم ملیر کینٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک شہری شاہد موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا اور زخمی کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈمپر کے گرفتار ڈرائیور کی شناخت فضل کے نام سے کی گئی، پولیس نے ڈمپر کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔