پاک افغان سرحدی کشیدگی پر سعودی عرب، قطر کا اظہارِ تشویش
اشاعت کی تاریخ: 12th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد: پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے، تازہ ترین پیشرفت میں سعودی عرب، قطر اور ایران نے اس تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے امن و استحکام کی اپیل کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل، مکالمے اور بات چیت کے ذریعے تنازع حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب خطے کے امن و استحکام کا خواہاں ہے اور توقع رکھتا ہے کہ دونوں ممالک دانش مندی اور حکمت کے ساتھ تنازع کے حل کی راہ اپنائیں گے۔
دوسری جانب قطر نے بھی پاک افغان کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کے امن و استحکام پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے لیے دونوں ممالک کو تحمل، بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں افغان فورسز کی جانب سے چمن بارڈر کے قریب بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے جواب میں پاکستانی فوج نے بھرپور اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان چیک پوسٹوں اور خارجی عناصر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے افغان بارڈر کے اندر گھس کر دہشت گردوں کا صفایا کیا جبکہ کئی افغان طالبان اور خارجی عناصر پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
اسی دوران ایران نے پاک افغان کشیدگی میں ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پاک افغان
پڑھیں:
افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد سعودی عرب کا ردعمل سامنے آ گیا
ریاض:پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور پاکستانی فورسز کے مؤثر جواب کے بعد سعودی عرب نے سرحدی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کے حل کے لیے تحمل اور مکالمے کا راستہ اپنائیں۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں حالیہ جھڑپوں اور کشیدگی پر سعودی عرب کو گہری تشویش ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں اور بات چیت، حکمت اور تحمل کا مظاہرہ کریں، تاکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
سعودی حکومت نے اس موقع پر یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایسی تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا جو امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کا باعث بنیں خاص طور پر پاکستانی اور افغان عوام کے بہتر مستقبل کے لیے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ برادر اقوام پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے تاکہ دونوں قومیں خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔