افغان ٹرانزٹ ٹریڈ روکنے کا حکم، کراچی پورٹ پر ہزاروں افغان کنسائمنٹس کی کلئیرنس رُک گئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
کراچی:
پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے بعد حکومت پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے کنسائمنٹس کی افغانستان منتقلی میں استعمال ہونے والی ٹرانسپورٹ غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردی، نتیجے میں کراچی پورٹ پر ہزاروں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے کنسائمنٹس کی کلئیرنس رُک گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر نے بھی کراچی پورٹ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن روکنے کی باقاعدہ ہدایات جاری کردی ہیں اور افغان ٹرانزٹ کے تمام گیٹ پاسز بھی منسوخ کردیئے ہیں۔
نئے احکامات کی تعمیل میں تمام کنٹینر ٹرمینلز کی انتظامیہ نے اے ٹی ٹی کنٹینرز کو گاڑیوں پر لوڈ آف لوڈ کرنا شروع کر دیا۔
اس فیصلے سے قبل کسٹمر ہاؤس کراچی میں ڈی جی کسٹمز افغان ٹرانزٹ ٹریڈ نے خصوصی اجلاس بھی طلب کیا تھا اور اجلاس کے بعد کسٹمز جنرل آرڈر جاری کیا گیا۔
ایف بی آر کے مذکورہ فیصلے پر عمل درآمد تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ اور پشاور میں کسٹم اسٹیشنز پر مزید کنٹینرز کھڑے کرنے کی گنجائش بھی ختم ہوچکی ہے، کراچی پورٹ کے ساتھ پورٹ قاسم پر بھی اے ٹی ٹی کنسائمنٹس کی کلیئرنس روک دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی پورٹ پر اے ٹی ٹی کنسائمنٹس کے مزید بحری جہاز بھی لنگرانداز ہونے والے ہیں۔ کلئیرنس اور ٹرانسپورٹیشن معطل کرنے کے فیصلے سے قبل 400 گاڑیوں پر اے ٹی ٹی کنٹینرز لوڈ تھے جنہیں آف لوڈ کیا گیا ہے۔
فیصلے کے بعد چمن سرحد پر 300 اور طورخم سرحد پر 200 کنٹینر بردار گاڑیاں رک گئی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کنسائمنٹس کی کراچی پورٹ اے ٹی ٹی
پڑھیں:
سونا پھر ہزاروں روپے مہنگا، فی تولہ سونا 4 لاکھ 40 ہزار روپے سے تجاوز کرگیا
سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی سونے کی فی تولہ قیمت ہزاروں روپے اضافے کے بعد نئی بلندی پر پہنچ گئی۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ بدھ کو 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 800 روپے کے اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح پر 4 لاکھ 40 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی، جو گزشتہ کاروباری روز 4 لاکھ 35 ہزار 100 روپے تھی۔
اسی طرح 24 قیراط کا 10 گرام سونا 4 ہزار 972 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 78 ہزار روپے کا ہوگیا، جو گزشتہ روز 3 لاکھ 73 ہزار 28 روپے تھا، جبکہ 22 قیراط کا 10 گرام سونا 4 ہزار 558 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 46 ہزار 512 روپے پر پہنچ گیا، جو پہلے 3 لاکھ 41 ہزار 954 روپے تھا۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 58 ڈالر اضافے سے 4 ہزار 198 ڈالر پر جا پہنچا، جو ایک روز قبل 4 ہزار 140 ڈالر فی اونس تھا۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت میں 90 روپے اضافہ ہوا اور وہ 5 ہزار 337 روپے پر بند ہوئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 77 روپے کے اضافے سے 4 ہزار 575 روپے رہی۔
ایسوسی ایشن نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت بھی 0.90 ڈالر بڑھ کر فی اونس 52.50 ڈالر ہو گئی۔