ہندو برادری نے دیوالی منائی سپیکر قومی اسمبلی کی مباکباد
اشاعت کی تاریخ: 21st, October 2025 GMT
اسلام آباد‘ لاہور (آئی این پی+ این این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ مندروں میں خصوصی تقریبات‘ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس دن کو منانے کیلئے ہندو برادری نے بھگوان رام کی واپسی کی یاد میں اپنی مذہبی رسم کے لئے مٹی کے چراغ بھی جلائے۔ جنہوں نے تقریباً چودہ سال جنگلوں میں گزارے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ رواداری، باہمی احترام اور برداشت پر مبنی معاشرہ ہی حقیقی ترقی کا ضامن ہے۔ پارلیمان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز اور پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی اور کہا کہ دیوالی امن، محبت اور روشنیوں کا تہوار ہے۔ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وزیرِ اعظم کی ہندو برادری کو دیوالی کے موقع پر مبارک باد
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہندو برادری کو دیوالی کے موقع پر مبارک باددی ،کہا کہ روشنیوں کا تہوار دیوالی، روشنی کی تاریکی اور امید کی مایوسی پر فتح کے جشن کی عکاسی کرتا ہے- دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی مناتے وقت آئیں ہم سب مل کر مستقبل کو مثبت سوچ اور اتحاد کے نظریے سے دیکھیں،انہون نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اپنے معاشرے میں تنوع پر فخر کرتے ہیں جو ہمارے قومی دھارے کو مزید مضبوط بناتا ہے اور ہماری مشترکہ ثقافت کو تقویت بخشتا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہندو برادری کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کا ہمارے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار ہماری قوم کو مضبوط بنا رہا ہے، پاکستان میں عقائد کا تنوع ہمارے لوگوں کے درمیان اتحاد کا حقیقی ذریعہ ہے،،،وزیراعظم نے کہا کہ بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا تصور دیا تھا جہاں تمام برادریوں کو بلا تفریق مذہب، نسل یا ذات کے برابری اور آزادی حاصل ہو-