سٹرکوں پر بیٹھنا کسی کی تصویر صاف کرنا چپل کا ناپ دینا وریزاعلیٰکا کام نہیں : عطاتارڑ
اشاعت کی تاریخ: 26th, October 2025 GMT
وزیرآباد+قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ کا یہ کام نہیں کہ سڑکوں پر بیٹھا رہے، یا کسی کی چپل کا ناپ دے یا کسی کی تصویر کو صاف کرے بلکہ اسکا کام عوامی و فلاحی منصوبے لانا ہے۔ عوام کو سہولیات پہنچانے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے احمد نگر چٹھہ میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری وجاہت حسین کے بہنوئی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے ہم زلف اور سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری حامد ناصر چٹھہ کے چچا چوہدری جاوید چٹھہ کے انتقال کے موقع پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے بھائی، این اے 66 وزیرآباد سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری بلال فاروق تارڑ اور ایم پی اے عدنان افضل چٹھہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم قرار دی جانے والی جانے والی ٹی ایل پی کے خلاف وفاقی کابینہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے کافی شواہد و مواد ملا ہے، انہوں نے کہا کہ مریدکے میں پنجاب پولیس کے شہید ایس ایچ او کو 21 گولیاں ماری گئیں جب ٹی ایل پی نے 2021 پی ٹی آئی حکومت سے بھی مشروط معاہدہ کیا کہ پرتشدد و ہنگامہ آرائی جیسی کارروائیاں نہیں کریں گے۔ اس کی بھی انہوں نے خلاف ورزی کی اور اب بھی پرتشدد کارروائیاں کیں، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ہے اور اس کا جواب یہ نہیں کہ مذہب کو درمیان میں لا کر یا ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر خود کو بچانے کی کوشش کی جائے قوم کا پیسہ ہے کس طرح ملک ریاض کو اتنی بڑی رعایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جاوید اختر چٹھہ مرحوم کو 1992ء سے جانتا ہوں، میرے دادا کے ساتھ ان کے دیرینہ تعلقات تھے، ہم سے بڑی شفقت کرتے انہوں نے جاوید اختر چٹھہ کے پسماندگان سے اظہار تعزیت و بلندی درجات کی دعا کی۔ دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری عطاء اللہ تارڑ کی اپنے بھائی امیداوار این اے 66بلال فاروق تارڑ، عدنان افضل چٹھہ، عمران مصطفی وڑائچ، یعقوب ساہی، اشفاق چیمہ، اعجاز باٹھ، اظہر وڑائچ، اعجاز سیکھو و دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ نواحی گاؤں پپناکھہ میں مسلم لیگ (ن)کے سابق ایم پی اے چودھری محمد اشرف وڑائچ کے سسر اور سینیئر رہنما مسلم لیگ) (ن) جمشید وڑائچ، چوہدری خرم وڑائچ، چوہدری کاشف وڑائچ کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ڈاکوؤں کیلئے پالیسی واضح، عام معافی نہیں، مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا، ضیا الحسن لنجار
سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں قبائلی تنازعات ختم کرانے کے لیے سرداروں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جو ڈاکو سرینڈر نہیں کریں گے ان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ حکومت کی ڈاکوؤں کے سرینڈر پالیسی بالکل واضح ہے، یہ عام معافی نہیں، مقدمات میں عدالتوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن نے کہا کہ گھوٹکی میں قبائلی تنازعات ختم کرانے کے لیے سرداروں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جو ڈاکو سرینڈر نہیں کریں گے ان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شکارپور، کشمور اور کندھکوٹ میں آپریشن جاری ہے، گھوٹکی میں بھی بڑے پیمانے پر آپریشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ کچے کی زمین کسی کمپنی یا فرد کو نہیں دی جائے گی، یہ جنگلات کے محکمے اور مقامی رہائشیوں کی ملکیت ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید صحافی جان محمد مہر کا مرکزی قاتل مارا جا چکا ہے، نصراللہ گڈاڻي کے ملزمان عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ضیا لنجار نے سندھ بار کونسل کے انتخابات میں پروگریسو پینل کے امیدواروں کی حمایت کرتے ہوئے وکلا سے زیادہ سے زیادہ ووٹ دینے کی اپیل کی۔