’’دانشور ڈاکٹر سلامت اللہ فرماتے ہیں‘ یہ ناممکن ہے کہ کسی قوم کی معیشت خراب ہو اور اس قوم کا اخلاق و کردار ا چھا ہو‘‘ اسی لئے تو میرے پیارے نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس کا مفہوم یہ ہے کہ’’میں اخلاق سنوارنے کے مبعوث کیا گیا ہوں‘‘ہمارے روشن خیال اور لبرل دانشور کو یہ بات کبھی سمجھ نہیں آئی نہ آنی ہے ،اس کی عقل پر دبیز پردے پڑے ہوئے ہیں ۔
ڈاکٹر سلامت اللہ کی بات آب زر سے لکھنے والی ہے مگر کیا کیجئے کہ میرے دانشور کی آنکھیں روشنی سے چندھیا جاتی ہیں ۔وہ زندگی کے ہر تاریک پہلو پر نظر رکھتے ہیں اور کہلوانا روشن خیال پسند کرتے ہیں ۔معیشت کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو انہوں نے دعائوں کے سہارے کنارے لگتے نہیں دیکھا اور ہم نے یہ آنکھوں سے دیکھا ہے ۔ان دعائوں کے پیچھے ’’اخلاق ‘‘ ہوتا ہے ،یہ احساس نہیں ہوتا کہ سب ڈوب جائیں فقط میں بچ جائوں ۔
زندگی خود غرضی اور خود فریبی کے سہارے نہیں گزرا کرتی ۔باہمی ہم آہنگی اور آپس کے اتحادو اتفاق کے ذریعے خوش رنگ و خوش حال ہوتی ہے ۔انسانی تاریخ کا وہ اب تک کا پہلا اور آخری واقعہ ہے جسے ’’مواخات مدینہ‘‘ کے نا م سے تعبیر کیا جاتا ہے جب معیشت زندگی اور موت کا سوال بن سکتا تھا مگر سب نے ایک دوسرے کے لئے حسن اخلاق کے در وا کردیئے ہر کوئی اپنی متاع زندگی لئے اپنے دوسرے،مسلمان بھائی کے روبرو کھڑا اپنا مال قبول کرنے کا خواستگار تھا ۔
ایک مسلمان تو اپنی دو بیویوں کو ساتھ لائے کہہ رہا تھا ’’ اپنی پسند کی ایک تم لے لو ‘‘ تم ’’کیپٹل داس‘‘ کو تو اسٹڈی سرکلز میں سبقاً سبقاً پڑھتے ہو ،کبھی ’’ قران کریم‘‘ کا مطالعہ بھی کیا؟ کبھی اس معلم اخلاق صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات کا بھی مطالعہ کیا ہے جن کی ساری زندگی انسانوں کے حقوق کی بحالی کی نبرد آزمائی میں گزری،جنہوں نے مساوات کا عالمگیر منشور پیش کیا جو قیامت تک کی زندگی پر محیط ہے ۔
آج بھی اقوام عالم کی بڑی معیشتیں ان کے بتائے ہوئے اصولوں کی بنیاد پر کھڑی ہیں ۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معیشت کے جو اصول وضع فرمائے وہ عمدہ معاشرت کے لئے بھی مثالی ڈھانچے کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ان سے پہلے یا ان کے بعد کس نے بتایا کہ ’’دیانت،عدل ،محنت ، خیرات، قرض حسنہ،ذخیرہ اندوزی کی ممانعت ، زکوٰۃ، سود کی حرمت ،تجارت میں امانت و دیانت ، مزدور کے حق کا تحفظ اور دولت کی تقسیم ‘‘ سب کیسے ہوں ؟
اقوام عالم میں سر اٹھا کر چلنے میں کس قوم کو فوقیت حاصل ہے ؟ جرمنی ،ہالینڈاوراسکینڈے نیوین ۔ یہ وہ فلاحی ریاستیں ہیں جو عوامی حقوق کے تحفظ کا وہی نظام اپنائے ہوئے ہیں جو محمد کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وضع فرمایا ۔یہاں معاشی عدل و انصاف،فرد کی عزت نفس اور اس کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے۔بدعنوانیوں اور بے اعتدالیوں کی بلا امتیاز کڑی سزائیں دی جاتی ہیں ،مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی اجرت ادا کی جاتی ہے ۔
جاپان جہاں اسلامی معاشی نظام کی جھلک ہر طور نمایاں و آشکار ہے جھوٹ ،ملاوٹ کا تصور تک جاپانی معاشرے میں ناممکن ہے ۔چین جہاں سماجی انصاف میں اسلامی نظام کی جھلک عیاں ہے ، غربت مٹانے کی کوششیں بھی دین ہی کا اصل ورثہ ہیں ، ملائیشیا اور انڈونیشیا وہ اسلامی ممالک ہیں جن کی معیشت اسلامی مالیاتی اصولوں پر قائم ہے اور بنک بھی سودی آلائشوں سے پاک ہیں ۔غرض مسلم ممالک ہوں یا یورپ جہاں جہاں فلاحی نظام چل رہاہے وہ اسلامی نظام ہی کا عکس ہے وہاں کے لوگ محبت اخوت کے درس سے آگاہ ہیں ان کا معاشرتی زندگی بھی حسن اخلاق کا نمونہ ہے ،ان کے سیاسی نظام میں ناہمواریوں کی طلاطم خیزی نہیں ،ان کا عدالتی ڈھانچہ ناتواں نہیں ان کے اہل کار بے رحم و ظلم پسند نہیں ۔ہم اگر یہ سب مان لیں اس پر عمل کرنے والے بن جائیںتو سب کچھ آسان ہو سکتا ہے ۔
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
سندھ حکومت نے ڈکیتی کی وارداتوں پر کنٹرول نہ کیا تو کراچی میں اپنا نظام لائیں گے، رہنما ایم کیو ایم
متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما نے سندھ حکومت سے کراچی میں جاری ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کرتا ہوئے کہا ہے کہ اگر اقدامات نہ کیے گئے تو پھر اپنا علیحدہ نظام لانے پر مجبور ہوجائیں گے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کورنگی زمان ٹاؤن میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لاقانونیت اور حکومتی ناکامی پر شدید تنقید کی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ صرف کورنگی ڈسٹرکٹ میں گزشتہ ماہ درجنوں رہزنی کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں میں معصوم بچے بھی شہید کیے گئے، مگر حکومت سندھ، وزراء اور پولیس افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ لواحقین کو ایف آئی آر کے اندراج کے لیے گھنٹوں تھانوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں، اور پولیس صرف نام کی رہ گئی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ’’شہر کا کوئی بھی ادارہ صوبائی حکومت کی نااہلی سے بچ نہیں سکا، کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔"
انہوں نے خبردار کیا کہ "اگر صوبائی حکومت یہی طرزِ عمل جاری رکھے گی تو ہمیں بتا دیں، ہم اپنا علیحدہ نظام بنانے پر مجبور ہو جائیں گے۔"
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عوام کو مسلسل مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ سندھ سے الگ ہونے کا سوچیں، لیکن "ایم کیو ایم سندھ سے الگ ہونے کا مطالبہ نہیں کرتی، مگر آپ کے رویے نے عوام کو اس طرف دھکیل دیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء خود اعتراف کرتے ہیں کہ کراچی ان کی ذمہ داری نہیں، جبکہ قبضہ مئیر کہتا ہے کہ "شہر کے اندرونی علاقے میری ذمے داری نہیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ڈمپرز، عمارتیں گرنے اور لوٹ مار میں مرنے والوں کی جانیں کسی کے ضمیر کو نہیں جھنجوڑتیں۔"
فاروق ستار نے انکشاف کیا کہ "ہزاروں پولیس اہلکار اندرون سندھ سے لاکر کراچی کی سڑکوں پر تعینات کیے گئے ہیں، جو شہریوں سے نمبر پلیٹس کے نام پر بھتہ وصول کر رہے ہیں۔"
انہوں نے سندھ کے تعلیمی نظام پر بھی شدید تنقید کی کہا کہ "اندرونی سندھ کے بچوں کو زبردستی پاس کروا کر ان کا مستقبل تباہ کر دیا گیا ہے، وہ بچے جو انٹر بورڈ میں ٹاپ کر رہے تھے، این ای ڈی کے امتحانات میں فیل ہو گئے۔‘‘
فاروق ستار نے واضح کیا کہ "ایم کیو ایم کبھی سندھی بولنے والے بھائیوں کے خلاف نہیں رہی، لیکن یہ ناانصافی اور مصنوعی طاقت کے بل پر خود کو وارث کہلانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ "ایم کیو ایم وقتی طور پر کمزور ہو سکتی ہے، لیکن آج ایم کیو ایم مضبوط اور منظم ہے۔ اب ہمیں ہلکا نہ لیا جائے۔"
فاروق ستار نے وزیراعلیٰ سندھ کو چیلنج دیا کہ "آئیے میرے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور خود دیکھیں کہ عوام کن اذیت ناک حالات میں جی رہے ہیں۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے منتخب اراکین اسمبلی اور مقامی تنظیمی ذمہ داران و کارکنان موجود تھے۔