صدر پیوٹن اور صدر میکرون کا دو گھنٹے طویل ٹیلیفونک رابطہ، ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان دو گھنٹے طویل ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کے خطے پر اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے گفتگو کے دوران خدشہ ظاہر کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام اور میزائل نظام خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ مکمل تعاون کرے اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے۔
روسی صدر پیوٹن نے ایرانی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ایران کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی جوہری توانائی کی ترقی جاری رکھے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے۔
فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ ایرانی جوہری پروگرام اور میزائل سسٹم سے جڑے خدشات کا سفارتی حل نکالنے کے لیے فرانس پرعزم ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر اتفاق کیا اور کہا کہ سفارتی کوششوں کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ہی بہترین راستہ ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جوہری پروگرام اور میزائل کہ ایران
پڑھیں:
بلوچستان، گیس لوڈشیڈنگ شیڈول میں تبدیلی،2 گھنٹے کمی کا اعلان
کراچی:(نیوزڈیسک) سوئی سدرن گیس کمپنی نے بلوچستان میں گیس لوڈشیڈنگ کے شیڈول میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں دو گھنٹے کمی کر دی ہے۔
ترجمان سوئی سدرن کے مطابق اب بلوچستان میں گیس کی فراہمی رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک معطل رہے گی، جب کہ اس سے قبل گیس لوڈشیڈنگ رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک جاری رہتی تھی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں شیڈول کو دوبارہ ترتیب دیا گیا ہے، اور نئے شیڈول پر فوری عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
سوئی سدرن نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور گیس کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔