حماس نے جنگ بندی نہ مانی تو غزہ پر حملے مزید بڑھیں گے، نیتن یاہو
اشاعت کی تاریخ: 5th, October 2025 GMT
تل ابیب(نیوز ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے عندیہ دیا ہے کہ اگر حماس نے جنگ بندی معاہدے کو قبول نہ کیا تو غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں مزید تیز کر دی جائیں گی۔
نیتن یاہو نے قوم سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی وفد مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہوگا تاکہ جنگ بندی سے متعلق تفصیلات اور ٹائم لائن طے کی جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس کے پاس اس معاہدے کو قبول کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس کو غیر مسلح کیا جانا ناگزیر ہے چاہے یہ عمل سفارتی راستے سے ہو یا پھر فوجی طاقت کے ذریعے اور اس بارے میں امریکا کو بھی واضح پیغام دیا جا چکا ہے۔
ادھر فلسطینی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کو بڑی حد تک تسلیم کرلیا ہے تاہم بعض نکات پر تحفظات رکھتے ہوئے برطانوی سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کا کردار مسترد کر دیا ہے۔
مصری میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات آج اور کل ہوں گے جن میں یرغمالیوں کی رہائی سمیت کئی امور پر بات چیت متوقع ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے بھی خبردار کیا ہے کہ حماس فوری فیصلہ کرے بصورت دیگر تمام شرائط ختم کر دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 66 فلسطینی شہید جبکہ 265 زخمی ہو چکے ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
فلسطینی پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 13 افراد شہید، متعدد زخمی
فلسطینی پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 13 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ۔ اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائی میں جنوبی لبنان میں ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملہ کیا گیا، جس میں 13 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے رفح اور خان یونس کے مختلف حصوں پر بھی فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ اس سے قبل مشرقی غزہ شہر پر بھی قابض فوج نے بمباری کی ہے۔
اُدھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی جنین، طوباس، بیت لحم اور الخلیل سمیت مختلف علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ قابض فوج نے الخلیل کے قریب بیت عمر کے علاقے میں ایک گھر پر دھاوا بول کر اہلِ خانہ کو شدید تشدد کرکے باہر نکال دیا گیا اور گھر کا داخلی دروازہ سیل کردیا۔ اسی طرح جنین کے قریب الیامون میں ایک 14 سالہ لڑکے کو گھر کے اندر گولی مار دی گئی، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2023ء سے غزہ پر مسلط اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 69,483 فلسطینی شہید اور 170,706 زخمی ہو چکے ہیں۔